Skip to content
غزہ کے ‘سیف زون’ میں اسرائیلی بمباری قابل مذمت ہے : سعودی عرب
دبئی،11ستمبر( ایجنسیز)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے غزہ کے علاقے المواصی خان یونس میں ‘سیف زون’ کو ٹارگٹ کر کے بمباری کرنے کے اسرائیلی اقدام کی مذمت کی ہے۔
واضح رہے اسرائیلی فورسز نے منگل کے روز غزہ کے ان علاقوں کو بھی ایک بار پھر بمباری کا نشانہ بنایا جنہیں غیر مسلح لوگوں کا علاقہ کہا جاتا ہے اور اسرائیلی فوج اور بین الاقوامی اداروں نے اسے ‘سیف زون’ قرار دے رکھا ہے۔
اس بمباری کے نتیجے میں 40 فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔ جبکہ متعدد زخمی ہیں۔
اس ‘سیف زون’ کو اسرائیلی فوج نے کچھ عرصہ پہلے غزہ کے بےگھر لوگوں کے رہنے کے لیے جگہ قرار دیا تھا اور دوسری جگہوں سے انخلاء کرواتے ہوئے انہیں اس طرف دھکیل دیا تھا تاکہ وہ یہاں پناہ لے سکیں۔
سعودی وزارت خارجہ نے کہا ‘بین الاقوامی برادری کو اسرائیل کی طرف سے ان جارحانہ خلاف ورزیوں پر ضرور نوٹس لینا چاہیے اور اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرانا چاہیے۔
وزارت کی طرف سے کہا گیا کہ مملکت اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کیے جانے کے مسلسل جرم کو مسترد کرتی ہے۔ جو اسرائیلی فوج نے غزہ کے مختلف علاقوں میں تقریباً پچھلے ایک سال سے شروع کر رکھی ہے۔
دریں اثناء مشرق وسطیٰ کے لیے اقوام متحدہ کے نمائندے ٹور وینس لینڈ نے بھی ‘سیف زون’ میں اسرائیلی بمباری کی سخت مذمت کی ہے۔ اقوام متحدہ کے نمائندے نے کہا کہ ‘منگل کے روز اسرائیل نے ان علاقوں کو بمباری کا نشانہ بنایا ہے جو طے شدہ انسانی بنیادوں پر قرار دیے گئے محفوظ علاقے تھے۔’
اقوام متحدہ کے نمائندے نے کہا ‘میں اس امر پر زور دے کر کہوں گا کہ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت حملوں میں احتیاط کے اصول کو ہمیشہ برقرار رکھنا چاہیے اور یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ اس میں قانونی ہدف اور شہریوں کے نقصان کا تناسب کیا ہے۔ ‘
انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ‘ایکس’ پر لکھا ‘حقیقت یہ ہے کہ غزہ میں کوئی بھی جگہ محفوظ نہیں رہنے دی گئی ہے۔ اب اس خوفناک جنگ کو ختم ہونا چاہیے۔ ‘
Like this:
Like Loading...