Skip to content
سعودی عرب کے ساتھ گہرے تعلقات کا خواہاں ہوں: چینی وزیر اعظم
ریاض، ۱۱؍ستمبر ( آئی این ایس انڈیا )
چین کے وزیر اعظم لی کیانگ کا کہنا ہے کہ وہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ دونوں ملکوں کے تعلقات کے حوالے سے گہرا تبادلہ خیال کریں گے۔ علاوہ ازیں مشترکہ دلچسپی کے دیگر امور اور دونوں ملکوں کے بیچ دوستی اور تعاون مضبوط کرنے کے طریقہ کار بھی زیر بحث آئیں گے۔ اس سے قبل چینی وزیر اعظم منگل کے روز ایک وفد کے ہمراہ ریاض پہنچے تھے۔ وہ سعودی عرب اور چین کی اعلیٰ سطح کی کمیٹی کے چوتھے اجلاس میں شریک ہوں گے۔
لی کیانگ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔چینی وزیر اعظم نے ایک تحریری خطاب میں کہا ہے کہ میرے لیے باعث مسرت ہے کہ میں سعودی عرب کے ولی عہد اور کابینہ کے سربراہ شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر اس خوب صورت سرزمین کا دورہ کر رہا ہوں۔لی کیانگ نے مزید کہا کہ میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں ترقیاتی حکمت عملیوں کے تبادلے اور تعاون کی توسیع کو مضوبط کرنے کا خواہاں ہوں۔
مزید یہ کہ چینی اور سعودی عوام کے بیچ دوستی کی بنیاد رکھنا چاہتا ہوں جو چین سعودی تعلقات کو ترقی دے کر زیادہ بلند سطح پر لے جائے۔چینی وزیر اعظم نے باور کرایا ہے کہ سعودی عرب اور چین کے تعلقات تاریخی گہرائی کے حامل ہیں۔ دونوں ملکوں کے حالیہ تعلقات نے ترقی کی منازل طے کی ہیں اور دونوں جانب سے کی گئی مشترکہ کوششوں کی بدولت عملی تعاون نے ثمر آور نتائج کو یقینی بنایا ہے۔چینی صدر شی جن پنگ نے دسمبر 2022 میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔
انھوں نے خلیجی چینی اور عرب چینی سربراہ اجلاسوں کے علاوہ سعودی چینی سربراہ اجلاس میں بھی شرکت کی تھی۔ اس دورے میں دونوں ملکوں کے بیچ متعدد معاہدوں اور سمجھوتوں پر دستخط ہوئے۔مذکورہ دورے کے حوالے سے لی کیانگ نے کہا کہ چینی صدر نے ریاض کے دورے میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو گہرا بنانے کے حوالے سے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ اہم امور پر موافقت کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں خلیجی چینی تعلقات اور چین عرب تعلقات کو مضبوط تر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
Like this:
Like Loading...