شملہ مسجدکمیٹی نے غیرقانونی حصے کو منہدم کرنے کی درخواست کی
شملہ،۱۲؍ستمبر ( آئی این ایس انڈیا )
اطلاعات کے مطابق ہماچل پردیش کے شملہ میں سنجولی مسجد پر بڑھتے ہوئے تناؤ کے درمیان، جمعرات (12 ستمبر 2024) کو مسلم ویلفیئر کمیٹی نے میونسپل کمشنر سے اس غیر مجاز حصے کو سیل کرنے کی درخواست کی اور عدالتی حکم کے مطابق اسے منہدم کرنے کی پیشکش بھی کی۔ پینل میں مسجد کے امام اور وقف بورڈ اور مسجد مینجمنٹ کمیٹی کے ارکان شامل ہیں۔کمیٹی کے ایک وفد نے میونسپل کمشنر بھوپیندر اتری سے ایک ملاقات میں یہ درخواست کی اور کہا کہ اس علاقے میں رہنے والے مسلمان ہماچل پردیش کے مستقل باشندے ہیں اور یہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کو برقرار رکھنے کے لیے یہ قدم اٹھا رہے ہیں۔
فلاحی کمیٹی کے رکن مفتی محمد شفیع قاسمی نے کہا کہ ہم نے شملہ میونسپل کمشنر سے سنجولی میں واقع مسجد کے غیر مجاز حصے کو منہدم کرنے کی اجازت طلب کی ہے۔سنجولی مسجد کے امام نے کہا کہ ہم پر کوئی دباؤ نہیں ہے، ہم یہاں کئی دہائیوں سے رہ رہے ہیں اور یہ فیصلہ بحیثیت ہماچلی کے طور پر کیا گیا ہے، ہم امن سے رہنا چاہتے ہیں اور بھائی چارہ قائم رہنا چاہیے۔ مسٹر اتری نے میمورنڈم کی وصولی کی تصدیق کی۔
دیو بھومی سنگھرش کمیٹی کے ارکان جنہوں نے مسجد میں غیر مجاز تعمیرات کے خلاف احتجاج کی کال دی تھی، نے اس اقدام کا خیر مقدم کیا۔ کمیٹی کے رکن وجے شرما نے کہاکہ ہم مسلم کمیونٹی کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہیں اور وسیع تر مفاد میں یہ پہل کرنے پر سب سے پہلے ان کو گلے لگائیں گے۔مسجد کے متنازعہ ڈھانچے کو منہدم کرنے اور ریاست میں آنے والے بیرونی لوگوں کے اندراج کا مطالبہ کرنے والی ہندو تنظیموں نے بدھ (11 ستمبر 2024) کو سنجولی بند کی کال دی تھی۔
مسجد میں کچھ منزلوں کی غیر مجاز یا غیر قانونی تعمیر کا معاملہ میونسپل کارپوریشن کی عدالت میں زیر سماعت ہے۔ گزشتہ جمعرات (5 ستمبر، 2024) ہندو گروپوں نے اپنے مطالبات کے لیے دباؤ ڈالنے کے لیے، ودھان سبھا اور سنجولی کے آس پاس، شملہ کے چورا میدان میں زبردست احتجاج کیا تھا۔