سابق وزیراعلیٰ لالو پرساد یادو کی انجیو پلاسٹی
ممبئی،۱۲؍ستمبر ( آئی این ایس انڈیا )
بہار کے سابق وزیر اعلی لالو پرساد یادو ممبئی کے ایک اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ لالو کو دل کی تکلیف کی شکایت کے بعد ممبئی کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ امراض قلب کے ماہرین نے لالو کو انجیو پلاسٹی کرانے کا مشورہ دیا۔ ڈاکٹروں کے مشورے کے بعد جمعرات کو لالو کی انجیو پلاسٹی کی گئی۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ لالو کو صحت سے متعلق کئی سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔ لالو اس سے قبل سنگاپور میں گردے کی پیوند کاری کر چکے ہیں۔ لالو کی بیٹی نے ایک گردہ عطیہ کیا ہے۔ ان کی نازک صحت کو دیکھتے ہوئے عدالت نے لالو کو علاج کرانے کی اجازت دے دی ہے، جس کی بنیاد پر وہ ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں زیر علاج ہیں۔ لالو کی صحت کے بارے میں ذرائع نے بتایا کہ 10 ستمبر کو انہیں ایشین ہارٹ انسٹی ٹیوٹ میں داخل کرایا گیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ 76 سالہ بہار کے سابق وزیر اعلیٰ کو طبی معائنے کے بعد ایک یا دو دن میں چھٹی ملنے کی امید ہے۔ 2014 میں لالو نے اسی اسپتال میں شہ رگ کی والو کی تبدیلی کی سرجری کروائی تھی۔ لالو ایک بار پھر سال 2018 اور 2023 میں فالو اپ کے لیے اسی اسپتال پہنچے۔ ذرائع نے بتایا کہ لالو کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کی ٹیم میں ڈاکٹر سنتوش ڈورا اور ڈاکٹر تلک (سوورنا) شامل ہیں۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ لالو پرساد یادو کی بیٹی روہنی نے نومبر 2022 میں اپنے والد کے لیے ایک گردہ عطیہ کیا تھا۔
طویل عرصے سے گردے سے متعلق امراض میں مبتلا رہنے کے بعد لالو نے سنگاپور میں گردے کی پیوند کاری کروائی تھی۔ اطلاعات کے مطابق لالو 56 سے زیادہ اقسام کی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ اطلاعات کے مطابق لالو کی دوسری بیٹی روہنی سنگاپور میں رہتی ہیں۔ طویل عرصے سے اس بیماری سے لڑ رہے لالو نے اپنی بیٹی روہنی اور ماہر ڈاکٹروں کے مشورے کے بعد گردے کی پیوند کاری کے لیے رضامندی ظاہر کی تھی۔