Skip to content
تاج محل میں بارش کے پانی کے رساؤ پر اویسی کا وقف معاملے پر طنز
نئی دہلی ،۱۵؍ستمبر ( آئی این ایس انڈیا )
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسد الدین اویسی نے تاج محل کے مرکزی گنبد سے پانی ٹپکنے کے وائرل ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) کو عالمی ثقافتی ورثہ کی یادگار کے تحفظ میں مبینہ ناکامی کا ذمہ دار ٹھہرایا۔حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا کہ وقف کی زمینوں کو ان کے حوالے کر دیا جائے تاکہ وہ انہیں برقرار رکھ سکیں، دسویں جماعت کے امتحان میں ناکام ہونا پی ایچ ڈی کے لیے درخواست دینے کے مترادف ہے۔
اے ایس آئی کے ایک سینئر اہلکار نے تاج محل کے مرکزی گنبد سے پانی کے اخراج کی وجہ آگرہ میں مسلسل بارش کو قرار دیا اور مرکزی چھت کو کسی ساختی نقصان سے انکار کیا۔اے ایس آئی آگرہ سرکل کے سپرنٹنڈنٹ چیف راج کمار پٹیل نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہاں، ہم نے مرکزی گنبد میں رساؤ دیکھا ہے، اس کے بعد جب ہم نے چھان بین کی تو پتہ چلا کہ یہ رساو بارش کی وجہ سے ہو رہا ہے اور اس میں کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔
گزشتہ جمعرات کو مرکزی گنبد کے سفید سنگ مرمر سے بارش کے پانی کے رسنے کی 20 سیکنڈ کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد کئی لوگوں نے یادگاری عمارت کے ساختی استحکام پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔حکومت سے منظور شدہ ٹور گائیڈ نے کہا کہ عمارت کی مناسب دیکھ بھال کی جانی چاہیے کیونکہ یہ سیاحت کی صنعت میں لوگوں کے لیے واحد امید ہے۔ انہوں نے مقامی معیشت میں عمارت کی اہمیت پر بھی زور دیا کیونکہ یہ سیاحت کی صنعت میں کام کرنے والوں کو سینکڑوں ملازمتیں فراہم کرتا ہے۔
Like this:
Like Loading...