Skip to content
ہاسٹل میں گائے کا گوشت پکانے کا الزام ،۷؍کیخلاف کاروائی
بھونیشور ، ۱۶؍ستمبر ( آئی این ایس انڈیا )
اوڈیشہ کے برہم پور میں ایک سرکاری کالج کے ہاسٹل میں طالب علموں پر مبینہ طور پر گائے کا گوشت پکانے کا الزام ہے۔ اس معاملے میں ہاسٹل کے 7 طلبہ کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ہے۔ انہیں ہاسٹل سے نکال دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایک طالب علم پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ معاملہ پارلا مہاراجہ انجینئرنگ کالج کا ہے۔ اس واقعہ کو لے کر کالج میں کشیدگی ہے۔
واقعے کے پیش نظر کالج کے باہر بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔اس حوالے سے کالج کے ڈین کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ اس نے کہا کہ ہاسٹل کے طلباء کو ”ممنوعہ سرگرمیوں” میں ملوث ہونے پر نکال دیا گیا تھا۔ کالج کی جانب سے کہا کہ طلباء کا یہ عمل ”ہال آف ریزیڈنس رولز اور کوڈ آف کنڈکٹ” کی خلاف ورزی کرتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نکالے گئے طلبہ میں سے ایک پر 2 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ جن طالب علموں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ان پر ہاسٹل میں مبینہ طور پر گائے کا گوشت پکانے کا الزام ہے۔اس معاملے کو لے کر بجرنگ دل اور وشو ہندو پریشد کے کارکنوں نے بھی کالج کا دورہ کیا اور پرنسپل سے ملاقات کی اور طلباء کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اس شکایت میں کہا گیا تھا کہ کالج میں زیر تعلیم تمام طلبہ کے جذبات کا احترام کیا جانا چاہیے۔ ہاسٹل میں گائے کا گوشت پکانے کے واقعہ نے بدامنی اور عدم تحفظ کو جنم دیا ہے۔ اس سے تناؤ کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔ ایسے طلباء کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ شکایت ملنے کے بعد افسران نے معاملے کی جانچ کی۔ جس کے بعد طلبہ کے خلاف کارروائی کی گئی۔
Post Views: 16
Like this:
Like Loading...