Skip to content
معروف برطانوی یہودی جریدہ غزہ کے متعلق من گھڑت رپورٹنگ کا مرتکب
لندن، 17ستمبر ( آئی این ایس انڈیا )
برطانوی ہفت روزہ اخبار ’دی جیوش کرانیکل‘ کے تین ممتاز کالم نگار اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کے بارے میں من گھڑت مضامین شائع کرنے کے الزامات کے بعد مستعفی ہو گئے ہیں۔استعفیٰ اتوار کو اس وقت سامنے آیا جب لندن میں قائم ’اخبار‘ نے ایک آزاد صحافی کے لکھے گئے متعدد مضامین کو ہٹا دیا۔ اس نے قارئین سے معذرت کی، اور کہا کہ اس نے فاضل کالم نگار کے بیانات کی چھان بین کی ہے اور ان کے کچھ دعوؤں سے مطمئن نہیں ہے۔اخبار نے یہ واضح نہیں کیا کہ صحافی ایلون پیری کے کون سے مضامین نے یہ مسئلہ اٹھایا۔
لیکن دوسری چیزوں کے علاوہ پیری جو خود کو اسرائیلی فوج میں ایک سپیشل فورسز آپریٹو بتاتے ہیں ،نے الزام لگایا کہ حماس کے رہ نما یحییٰ السنوار نے اسرائیلی قیدیوں کے ساتھ غزہ سے مصر کے ساتھ سرحدی علاقے جسے فلاڈیلفیا محور کہا جاتا ہے سے ایران فرار کا منصوبہ بنایا تھا۔اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے ان الزامات پر سوال اٹھایا۔ اس فائل نے مصر اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کو بھی بڑھا دیا؛ کیونکہ قاہرہ نے دونوں فریقوں کے درمیان امن معاہدے کی دفعات کے مطابق فلاڈیلفیا ایکسس کے علاقے میں اسرائیلی فوج کی موجودگی کو مسترد کر دیا تھا۔
مشہور جریدے ’یہودی کرانیکل‘ کے کالم نگار جوناتھن فریڈلینڈ نے اتوار کو احتجاجاً استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ تازہ ترین اسکینڈل اخبار کے لیے بڑی شرمندگی کا باعث ہے۔ساتھی مصنفین ہیڈلی فری مین اور ڈیوڈ آرونووچ نے بھی مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔ فری مین نے ایک پوسٹ میں کہا کہ اس نے استعفیٰ دیا کیونکہ حالیہ واقعات کے بعد میرے لیے جریدے کے ساتھ رہنا ناممکن بنا دیا ہے۔
جریدے کے ایڈیٹر انچیف جیک والس سائمنز نے’ایکس‘ پلیٹ فارم پر اعلان کیا کہ کسی بھی اخبار کے ایڈیٹر کو ایک صحافی کے ذریعے دھوکہ دینا سب سے برا خواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اخبار نے پیری کے ساتھ تمام تعلقات منقطع کر لئے ہیں۔ ان کے کام کو اب ہماری ویب سائٹ سے ہٹا دیا گیا ہے۔ قارئین یقین دہانی کر سکتے ہیں کہ مضبوط اندرونی طریقہ کار کو نافذ کیا جا رہا ہے۔
Like this:
Like Loading...