چھتیس گڑھ میں فلسطینی پرچم لہرانے کا الزام،۵؍نوجوان گرفتار
بلاس پور؍رائے پور، ۱۸؍ستمبر ( آئی این ایس انڈیا )
چھتیس گڑھ پولیس نے تربہار تھانہ علاقہ سے پانچ نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار نوجوانوں پر تربہار کے علاقے میں فلسطین کے مشابہ جھنڈا لگانے کا الزام ہے۔ وہیں گرفتار نوجوانوں کے افراد خاندان نے بتایا کہ لڑکوں کا کوئی قصور نہیں ہے، انہوں نے انجانے میں یہ کام کیا ہے، وہ کسی بھی مجرمانہ سرگرمی میں ملوث نہیں ہیں، وہ بے قصور ہیں۔دوسری جانب کچھ ہندو تنظیموں نے اس معاملہ پر احتجاج کررہے ہیں اور گرفتار نوجوانوں کیخلاف کاروائی کا مطالبہ کررہے ہیں۔ ان کی جانب سے لڑکوں پر علاقہ میں ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کا بھی الزام عائد کیا جارہا ہے۔
بلاس پور کوتوالی کی سی ایس پی پوجا کماری نے کہا کہ ہمیں اطلاع ملی تھی کہ شہر کے ایک علاقے میں کچھ نوجوان دوسرے ملک(فلسطین) کا جھنڈا لہرا رہے ہیں۔ شکایت درج کرنے کے بعد تمام نوجوانوں کی شناخت کی گئی اور انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق ان نوجوانوں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔واضح رہے کہ اس معاملہ کو کچھ ہندو تنظیموں کی جانب سے بڑھا چڑھاکر پیش کیا جارہا ہے۔
ملزم نوجوانوں کے خلاف پولیس کاروائی کے باوجود ہندو تنظیموں سے وابستہ ارکان نے پولیس اسٹیشن کے روبرو دھرنا دیا اور نوجوانوں کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا۔خیال رہے کہ اقوام متحدہ میں فلسطین کی حمایت میں ہندوستان رہتا ہے، اسرائیل کیخلاف ووٹ بھی دیتا ہے، لیکن جب سے پی ایم مودی وزیراعظم بنے ہیں ، پی ایم مودی کے رشتے اسرائیلی وزیراعظم نتین یاہو کے درمیان رشتے میں گہرائی آئی ہے۔