برے کام کرنے والوں کو نظام سے باہر نکال دیا جائے گا: نتن گڈکری
نئی دہلی،۱۸؍ستمبر ( آئی این ایس انڈیا )
مرکزی سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے وزیر نتن گڈکری اکثر اپنے بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں، لیکن اس بار وہ اس لیے خبروں میں ہیں کیونکہ انہوں نے اسٹیج سے ہی افسران کی سرزنش کی۔ایسٹرن پیریفرل ایکسپریس وے کی دیکھ بھال پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے نتن گڈکری نے اسٹیج سے افسران کی سرزنش کی۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ انہوں نے کافی سڑکیں بنائی ہیں۔ اب برا کام کرنے والوں کو سسٹم سے باہر پھینکنا ہوگا۔گڈکری نے منگل کو ایسٹرن پیریفرل ایکسپریس کے دوہائی انٹرچینج پر منعقد ایک پروگرام میں کہا کہ اچھا کام کرنے والوں کو بھی انعام دیا جائے گا۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ میں طویل عرصے کے بعد پیری فیرل روڈ پر آیا ہوں۔ ہماری سڑک کا کام بہت اچھا ہوا، اب میری خواہش ہے کہ بہت سے لوگ میرے ہاتھ سے ریٹائر ہو جائیں اور کام کرنے کے قابل نہ ہوں۔ کچھ ٹھیکیداروں کو بلیک لسٹ کیا جائے، کچھ کی بینک گارنٹی ضبط کی جائے۔ آج میں نے سڑک دیکھی، وہ بہت گندی تھی۔ ہم آپ کو نہیں چھوڑیں گے۔ بینک گارنٹی ضبط کرنے کے بعد گندے کام کرنے والوں کو ہم بلیک لسٹ کر دیں گے۔ ان کے ٹینڈر نہیں بھرنے دیں گے۔نتن گڈکری نے کہا کہ ہم شجرکاری میں اچھا کام کرنے والوں کے لیے کچھ ایوارڈز شروع کریں گے۔
ہر سال اس ایجنسی کو ایوارڈ دیں گے۔ اچھا کام کرنے والوں کو انعام دیا جائے گا اور برا کام کرنے والوں کو نظام سے باہر نکال دیا جائے گا۔ اسے کھڑا نہیں ہونے دیں گے۔ ہم نے تمام بیت الخلاء کو چیک کرنے کو بھی کہا ہے اور جو لوگ اچھا کام نہیں کرتے انہیں بلیک لسٹ کریں گے، چاہے وہ غیر ملکی کمپنی ہی کیوں نہ ہو۔ اچھے کام کرنے والوں کو انعام دیں گے۔ ہار پہنائیں گے اور سرٹیفکیٹ دیں گے۔گڈکری نے کہا کہ وہ اور ان کے وزرائے مملکت اب سڑکوں کا معائنہ کرنے نکلیں گے اور جو لوگ برا کام کریں گے انہیں باہر نکال دیا جائے گا۔
وزیر نے کہا کہ سڑک کا ریکارڈ بہت زیادہ ہے۔ اب ہم دنیا کا سب سے بڑا نیٹ ورک بن چکے ہیں۔ اب ہمیں لوگوں کو ریٹائر کرنے، معطل کرنے، بلیک لسٹ کرنے اور ختم کرنے کا ریکارڈ بنانا ہے۔ میری باتوں کو سنجیدگی سے لیں۔مرکزی وزیر نے کہا کہ میں نے اپنے وزیر مملکت سے کہا ہے کہ ہر سڑک پر گھومیں، میں بھی گھوموں گا۔ اچھا کام کرنے والے کو عزت ملے گی اور برا کام کرنے والے کو نظام سے باہر نکال دیا جائے گا۔