فلمی اسٹارسلمان خان کے والد سلیم خان کوبھی ملی دھمکی
ممبئی، ۱۹؍ستمبر ( آئی این ایس انڈیا )
اداکار سلمان خان کے والداور مشہور اسکرپٹ رائٹر سلیم خان کو دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔ ایک خاتون نے ان سے پوچھاکہ کیا میں لارنس بشنوئی کو بھیج دوں؟اب یہ معاملہ اہمیت کا حامل ہے ؛کیونکہ اس سے قبل سلمان خان کو بھی دھمکیاں مل چکی ہیں، انہیں لارنس گینگ کی جانب سے ہی جان سے مارنے کی دھمکیاں مل چکی ہیں۔ پولیس ابھی اس کیس کی تفتیش کر رہی ہے، اسی دوران سلیم خان کے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ اس بار دھمکی لارنس کی طرف سے ہے یا کسی نے اسے ڈرانے کے لیے اس کا نام لیا ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ ہر روز کی طرح سلیم خان بھی صبح کی سیر کے لیے نکلے تھے۔ وہ اپنے گلیکسی اپارٹمنٹ کے قریب پیدل جا رہا تھا کہ ایک تیز رفتار اسکوٹر آیا جس پر دو افراد بیٹھے تھے۔
ایک ڈرائیور اور دوسری خاتون۔ عورت سلیم خان کے پاس گئی اور صرف اتنا کہا کہ کیا میں لارنس بشنوئی کو بھیج دوں؟’فی الحال سلمان خان کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ ممبئی سے باہر ہیں، وہ کسی تقریب کے لیے گئے ہوئے ہیں۔سلمان خان کیس میں کرائم برانچ کی جانب سے داخل کی گئی چارج شیٹ کے مطابق سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر حملہ لارنس بشنوئی کے کہنے پر کیا گیا تھا۔ کیس میں بشنوئی، اس کے چھوٹے بھائی انمول اور روہت گودارا کو ملزم نامزد کیا گیا تھا۔دراصل سلمان خان کے ساتھ بشنوئی کا تنازعہ کئی سال پرانا ہے۔
ان کا دعویٰ ہے کہ سلمان خان کو اس لیے نشانہ بنایا جا رہا ہے کیونکہ انہوں نے 1998 میں فلم ’’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘‘ کی شوٹنگ کے دوران راجستھان میں کالے ہرن کامبینہ طور پر شکار کیا تھا۔ خیال رہے کہ کالا ہرن بشنوئی کمیونٹی کے نزدیک تقدس کا حامل ہے۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ بشنوئی ایک مقبول اداکار کو دھمکیاں دے کر اور ان پر حملہ کرنے کی کوشش کر کے سستی مقبولیت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔