آندھراپردیش میں اماموں اور مؤذنوں پر نائیڈو سرکار مہربان
امراوتی، ۲۴؍ستمبر ( آئی این ایس انڈیا )
آندھرا پردیش میں، چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی قیادت والی حکومت اماموں اورمؤذنوں کو ماہانہ اعزازیہ اور ہر ایک عازمین حج کو ایک لاکھ روپے دینے جا رہی ہے۔ نائیڈو نے پیر کے روز عہدیداروں کو ان انتخابی وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کی ہدایت دی۔چیف منسٹر نے یہاں ریاستی سکریٹریٹ میں اقلیتی بہبود سے متعلق جائزہ اجلاس کے دوران یہ ہدایات دیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ ائمہ و موذن کو ہر ماہ بالترتیب 10,000 اور 5,000 روپئے اعزازیہ دینے کے وعدے پر جلد عمل کیا جائے۔
جبکہ حج پر جانے والے ہر فرد کو ایک ایک لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ یہ وعدے انتخابات کے دوران کیے گئے تھے۔نائیڈو نے عہدیداروں کو وقف بورڈ کی اراضی کا سروے ایک سال کے اندر مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے اقلیتوں کے لیے تمام فلاحی اسکیموں کی تنظیم نو کا حکم دیا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں پر یہ بھی واضح کیا کہ پردھان منتری جن وکاس کاریاکرم کے تحت زیر التواء کاموں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جانا چاہئے۔ اس پروگرام کے لیے 446 کروڑ روپے پہلے ہی منظور کیے جا چکے ہیں۔