Skip to content
اشیائے خوردونوش میں ناپسندیدہ چیزوں کی ملاوٹ کا الزام:
یوپی کے بعد اب ہماچل میں بھی ہوٹلوں پر مالک کے نام کا بورڈ ضروری
شملہ ، ۲۵؍ستمبر ( آئی این ایس انڈیا )
ہماچل میں بھی یوپی کی طرح ہر کھانے پینے کی جگہ، فاسٹ فوڈ کارنر اور اسٹریٹ فروش پر مالک کی شناخت لگائی جائے گی، تاکہ لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس کے لیے اربن ڈیولپمنٹ اور میونسپل کارپوریشن کی میٹنگ میں ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ شہری ترقی کے وزیر وکرمادتیہ سنگھ نے فیس بک پر پوسٹ کرکے یہ جانکاری دی۔انہوں نے اس سلسلے میں اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے فیصلے کا بھی حوالہ دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ منگل کو وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کھانے پینے کی اشیاء میں ناپسندیدہ چیزوں میں ملاوٹ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی تھی۔ملک کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے اس طرح کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے منگل کو ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں وزیر اعلیٰ یوگی نے ریاست کے تمام ہوٹلوں، ڈھابوں اور ریستورانوں وغیرہ سے متعلقہ اداروں کی مکمل جانچ، تصدیق وغیرہ کی ہدایات دی ہیں۔
عام لوگوں کی صحت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ضرورت کے مطابق قوانین میں ترمیم کرنے کی بھی ہدایات دی گئیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں کھانے پینے کی اشیاء جوس، دال اور روٹی میں ناپسندیدہ چیزوں میں ملاوٹ کے واقعات دیکھنے میں آئے ہیں۔ایسے واقعات لرزہ خیز ہیں اور عام آدمی کی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتے ہیں۔ بدنیتی پر مبنی کوششیں ہر گز قبول نہیں کی جا سکتیں۔
Like this:
Like Loading...