Skip to content
عقیدۂ توحید پر ثابت قدمی اور اپنی خواہشات کو اللہ کے حکم کے سامنے قربان کرنا عید الاضحی کا بنیادی سبق ہے
حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا پیام عید
حیدرآباد،16جون( پریس نوٹ)
عید قرباں حضرت ابراہیم علیہ الصلاۃ والسلام کی یادگار ہے، اور اس یادگار کو پیغمبر اسلام جناب محمد الرسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ابدی اور دائمی یادگار بنا دیا ہے، یہ عید ہمیں بنیادی طور پر دو باتوں کی طرف متوجہ کرتی ہے، ایک: عقیدۂ توحید پر استقامت، دوسرے :اپنی خواہشات کو حکم الٰہی کی قربان گاہ میں نچھاور کر دینا، یہ دونوں باتیں موجودہ حالات میں نہایت اہم ہیں، ہمارے ملک میں مسلمانوں کو مختلف پہلوؤں سے شرک سے مانوس کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مشرکانہ نعروں کے ذریعہ، مشرکانہ تہواروں میں شرکت کی ترغیب کے ذریعہ، مشرکین کی تہذیب وثقافت کو بڑھا کر، تعلیمی اداروں میں مشرکانہ دیومالائی کہانیوں کی تعلیم دے کر، میڈیا اور فلموں کے ذریعہ، ان حالات میں یہ بات بہت اہم ہے کہ ہم اپنی آنے والی نسل کو ایمان پر قائم رکھیں، عقیدۂ توحید کو اس طرح سمجھائیں کہ وہ ان کی رگ وریشہ میں رچ بس جائے، اور شرک کا ماحول ان کو اپنے وجود میں جذب نہ کر پائے، دوسرے: چاہے کسی عمل کو کرانے کے لئے پولس اور عدالت کی طاقت موجود نہ ہو اور چاہے ظاہری فائدہ شریعت کے خلاف عمل کرنے میں نظر آئے، پھر بھی اپنے آپ کو شریعت پر قائم رکھا جائے، ایک ایسے وقت میں جب کہ مسلمانوں کو قانون شریعت سے محروم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، بہت ضروری ہے کہ ہم خود اپنی رضامندی سے اپنے آپ کو شریعت کا پابند بنائیں، اللہ تعالیٰ مسلمانوں کو اس عید سعید کی برکتوں سے نوازے اور ہم اس ملک میں اپنے دین وایمان کی حفاظت کے ساتھ باقی رہیں۔
Like this:
Like Loading...