Skip to content
طلباء کتابتِ قرآن میں بھی اپنی فطری و تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں
مدرسہ دعوت القرآن میں عظیم الشان تہنیتی تقریب سے خادم القرآن حضرت مولانا غیاث احمد رشادی و دیگر کا خطاب
حٰیدرآباد،29ستمبر( پریس نوٹ)
شہر حیدرآباد کے بافیض و ممتاز ادارہ مدرسہ دعوت القرآن ریاست نگر میں مدرسہ ھذا کی فیض یافتہ طالبہ اور موجودہ معلمہ کے ہاتھوں مکمل قرآن نویسی کی سعادت کے موقع پر ایک بابرکت و پُر وقار تہنیتی و اعزازی تقریب زیرِ صدارت استاذ العلماء حضرت مولانا عبد القادر صاحب و زیرِ نگرانی حافظ محمد یعقوب صاحب ناظم مدرسہ ھذا، منعقد ہوئی۔

جس میں عاشق و خادم القرآن حضرت مولانا غیاث احمد رشادی صدر صفا بیت المال نے اپنے خصوصی خطاب میں فرمایا کہ جس طرح حفاظ حفظ کے ذریعے خدا کے کلام کی حفاظت کرتے ہیں وہیں کتابتِ قرآن بھی قرآن پاک کی حفاظت کا عظیم ذریعہ ہے نیز فرمایا کہ افریقی ممالک میں باوجود غربت و عدمِ وسائل کے لوگ کتابتِ قرآن کا اہتمام کرتے ہیں اور پڑوسی ملک بنگلادیش میں بھی اس کا خاصہ اہتمام ہوتا ہے ہمارے یہاں بھی اس کے اہتمام کی ضرورت ہے .
استاذ العلماء حضرت مولانا عبد القادر صاحب نے عظمت قرآن پر روشنی ڈالی اور محترم مرزا مصطفی سلیم بیگ کارپوریٹر حلقہ ریاست نگر نے بھی طالبات کو کتابتِ قرآن کی ترغیب دلائی اور وعدہ کیا کہ جو کوئی کتابتِ قرآن کی کوشش کرے گا تو وہ اس کی ہر ممکن مدد کریں گے.صدر مدرس مدرسہ ھذا مولانا عبد الحلیم شریف صاحب نے جلسہ کی کارروائی چلائی اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا

مدرسہ ھذا کے تمام معلمین و معلمات اور تمام حاضرین اور مہمان مدعوین نے کاتبہ ثریا بیگم ولد محمد افضل پاشاہ صاحب کی قرآن سے عظمت ومحبت وابستگی اور لگاؤ کو خوب سراہا اور دعائیں دی اور کئی ایک نے خوش نصیب کاتبہ کو ہدیہ سے بھی نوازا .طلباء کے سرپرست حضرات کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد اس تقریب میں شریک تھی.
Like this:
Like Loading...