Skip to content
Al Hilal Media.

Al Hilal Media.

Editor : Maqsood Yamani

Menu
  • اہم خبریں
  • قومی خبریں
  • بین الاقوامی
  • عالم عرب
  • مضامین
  • اسلامیات
  • حیدرآباد
  • کھیل و تفریح
  • مذہبی خبریں
  • ہمارے بارے میں
  • Advertisement
Menu

بیروت کے وسط میں رہائشی عمارت پر اسرائیلی حملہ، سعودیہ کا صورتحال پر خدشات کا اظہار

Posted on 30-09-2024 by Maqsood

بیروت کے وسط میں رہائشی عمارت پر اسرائیلی حملہ، سعودیہ کا صورتحال پر خدشات کا اظہار

بیروت ،30؍ستمبر (آئی این ایس انڈیا )

اسرائیل کی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ایک رہائشی عمارت پر فضائی حملہ کیا ہے جو ایک سال سے سرحد پر حزب اللہ سے جاری لڑائی کے دوران شہر کے وسط میں پہلا حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔فلسطینی عسکری تنظیم ’پاپولر فرنٹ فار دی لبریشن آف فلسطین‘ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز کے بیروت میں پیر کو کیے گئے حملے میں اس کے تین ارکان ہلاک ہو گئے ہیں۔اسرائیلی فوج نے پیر کی صبح جاری بیان میں بیروت میں کیے گئے حملوں کے حوالے سے تفصیلات نہیں بتائیں۔

البتہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی اور مشرقی لبنان میں حزب اللہ کے خلاف کارروائیاں کی گئی ہیں۔اسرائیل کی فوج اب تک بیروت کے مضافات کو نشانہ بنا رہی تھی۔ اسی طرح کے ایک حملے میں جمعے کو لبنان کی طاقت ور عسکری تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی موت ہوئی تھی۔اس حملے کے بعد ان خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے کہ تنازع پورے خطے تک ایسے وقت میں پھیل سکتا ہے جب غزہ میں بھی اسرائیل کی حماس کے خلاف جنگ جاری ہے۔

اسرائیل کے پیر کو حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب فرانس کے وزیرِ خارجہ جین نوئل برٹ بیروت میں موجود ہیں۔ فرانس کے وزیرِ خارجہ کشیدگی کم کرنے کے لیے یہ دورہ کر رہے ہیں۔اتوار کو لبنان آمد پر فرانس کے وزیرِ خارجہ نے لبنانی وزیرِ اعظم نجیب میقاتی سے کہا تھا کہ فرانس نے اسرائیل کے لبنان پر حملوں کی فوری بندش کا مطالبہ کیا ہے۔سعودی عرب نے بھی پیر کو لبنان کی صورتِ حال پر شدید خدشات کا اظہار کیا ہے۔

سعودی عرب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ لبنان کی خود مختاری اور علاقہ سالمیت کیا جانا چاہیے۔دوسری جانب امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے اتوار کو صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ وہ اسرائیل کے وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو سے بات کریں گے۔جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا ایک باقاعدہ جنگ سے بچنا ممکن ہے۔ تو امریکہ کے صدر نے کہا کہ ایسا ہی ہونا چاہیے۔لبنان کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ہونے والے حملوں میں ایک ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

وزارتِ صحت کے مطابق لگ بھگ چھ ہزار زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔وزارتِ صحت نے یہ واضح نہیں کیا کہ ہلاک ہونے والے میں کتنے عسکریت پسند تھے اور عام شہریوں کی تعداد کیا تھی۔لبنان کی حکومت کا کہنا ہے کہ حملوں سے متاثرہ علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے لگ بھگ ڈھائی لاکھ افراد عارضی پناہ گاہوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔اسرائیل اور لبنان کی سرحد پر ہونے والی جھڑپوں سے اب تک 49 اسرائیلی شہری ہلاک ہوئے ہیں جب کہ اسرائیل کے شمال میں سرحدی علاقوں سے ہزاروں افراد نے نقل مکانی بھی کی ہے۔

امریکہ کی نیشنل سیکیورٹی کے ترجمان جان کربی نے نشریاتی ادارے اے بی سی کو گزشتہ ہفتے مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال پر ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اسرائیل کا حق اور ذمے داری ہے کہ وہ اس کے لوگوں اور سالمیت کے لیے خطرہ بننے والے عناصر کا خاتمہ کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسی کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کی راہیں بھی تلاش کرنی چاہیے۔اسرائیل نے حالیہ کارروائیوں میں جہاں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کو ہلاک کیا ہے وہیں اس حملے میں ایران کی پاسداران انقلاب کے ڈپٹی کمانڈر بھی نشانہ بنے تھے۔

ایران کے وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ حسن نصر اللہ کی موت رائیگاں نہیں جائے گی۔ حسن نصر اللہ کی موت پر ایران میں پانچ روزہ سوگ منایا جا رہا ہے۔اسرائیل کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ انہیں خدشہ ہے کہ حسن نصر اللہ کی موت پر ردِ عمل سامنے آئے گا۔ یہ ردِ عمل بیرون ملک اسرائیل یا یہودی اہداف کو نشانہ بنا کر ہو سکتا ہے۔اسرائیل نے بیرونِ ملک شہریوں سے کہا ہے کہ وہ احتیاط برتیں جب کہ اسرائیل کے سفارت خانوں کی سیکیورٹی میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ خطے میں حالیہ کشیدگی اس وقت شروع ہوئی جب سات اکتوبر 2023 کو فلسطینی عسکری تنظیم حماس نے اسرائیل کے جنوبی علاقوں پر غیر متوقع حملہ کیا۔غزہ کا انتظام سنبھالنے والی تنظیم حماس کے حملے میں اسرائیل کے مطابق لگ بھگ 1200 افراد ہلاک ہوئے۔ حماس نے اس دوران ڈھائی سو افراد کو یرغمال بنا لیا تھا جن میں سے اب بھی سو افراد اس کی تحویل میں ہیں۔ اسرائیل فورسز کے اندازے کے مطابق ان سو افراد میں بھی ایک تہائی کی موت ہو چکی ہے۔

حماس کے حملے کے فوری بعد اسرائیل نے غزہ کا محاصرہ کر لیا تھا۔ اسرائیلی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ حماس کے مکمل خاتمے اور یرغمالوں کی بازیابی تک غزہ میں جنگ جاری رہے گی۔ اب اس جنگ کو ایک برس مکمل ہو چکا ہے۔غزہ میں حماس کی زیر انتظام وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے حملوں میں اب تک لگ بھگ 41 ہزار افرادشہیدہو چکے ہیں جن میں بیشترمعصوم بچے اور خواتین ہیں ۔

جواب دیں جواب منسوخ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Cont: +91 99855 61218

اشتہارات

Like Us On Facebook

Facebook Pagelike Widget

مضمون نگار کے خیالات سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں ہے

©2025 Al Hilal Media. | Built using WordPress and Responsive Blogily theme by Superb