Skip to content
اسمبلی الیکشن کے نتائج پر راہل گاندھی کا پہلا ردعمل.
کشمیر میں جیت پر عوام کاشکریہ، ہریانہ میں ملی ہار پر کہا، ہم اس کاکریں گے تجزیہ
نئی دہلی، 9اکتوبر ( آئی این ایس انڈیا)
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے اسمبلی انتخابات کے نتائج پر پہلی بار ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جموں و کشمیر کے لوگوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ریاست میں انڈیا اتحاد کی جیت آئین کی جیت ہے، جمہوری عزت نفس کی جیت ہے۔ ہریانہ میں شکست پر راہل نے کہا کہ ہم ہریانہ کے غیر متوقع نتائج کا تجزیہ کر رہے ہیں۔ کئی اسمبلی حلقوں سے آنے والی شکایات سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کریں گے۔ہریانہ کے تمام لوگوں کا ان کی حمایت اور انتھک محنت کے لیے کارکنوں کا تہہ دل سے شکریہ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم حقوق، سماجی و معاشی انصاف اور سچائی کے لیے اس جدوجہد کو جاری رکھیں گے اور آپ کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ درحقیقت، ہریانہ اسمبلی انتخابات جیت کر بی جے پی نے نہ صرف تمام ایگزٹ پولس کو جھوٹا ثابت کیا ہے ؛بلکہ اپنے مخالفین کو بھی حیران کر دیا ہے۔ تب سے کانگریس اپنے اتحادیوں کا نشانہ بنی ہوئی ہے۔تاہم کانگریس ان نتائج کو ماننے کو تیار نہیں ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے نتائج میں بے ضابطگیوں کی شکایت بھی کی ہے۔
ہریانہ میں 48 سیٹیں جیت کر، بی جے پی اقتدار برقرار رکھنے اور مسلسل تیسری بار حکومت بنانے کے لیے تیار ہے۔ کانگریس نے 37 سیٹیں جیتی ہیں۔ انڈین نیشنل لوک دل (آئی این ایل ڈی) نے دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی، جبکہ آزاد امیدواروں نے تین نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ جننائک جنتا پارٹی (جے جے پی) اور عام آدمی پارٹی (اے اے پی) دونوں کو انتخابات میں کوئی کامیابی نہیں مل سکی ہے۔نیشنل کانفرنس-
کانگریس اتحاد نے 2019 میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر میں پہلی بار ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔ نیشنل کانفرنس اور کانگریس اتحاد 90 رکنی اسمبلی میں 48 سیٹوں کے ساتھ حکومت بنانے کے لیے تیار ہے۔ نیشنل کانفرنس نے 51 سیٹوں پر الیکشن لڑا تھا جس میں سے اس نے 42 پر کامیابی حاصل کی تھی، جب کہ اس کی اتحادی کانگریس نے 32 سیٹوں پر الیکشن لڑا تھا، جن میں سے اسے چھ پر کامیابی ملی تھی۔
Like this:
Like Loading...