عرب دنیا کے آسمان میں دم دار ستارہ، دم کی لمبائی 2.9 کروڑ کلومیٹر
ریاض،12اکتوبر (الہلال میڈیا)
دم دار ستارہ جو 80 ہزار سال بعد ایک بار اس کرہ ارض کے آسمان سے گزرتا ہے۔ یہ ستارہ آج ہفتے کے روز زمین کے قریب ترین فاصلے پر ہو گا اور 30 اکتوبر تک عرب دنیا اور کرہ ارض کے نصف شمالی حصے کے آسمان میں نظر آئے گا۔اس دم دار ستارے Tsuchinshan-ATLAS کا انکشاف گذشتہ برس جنوری میں چین کی رصد گاہ Tsuchinshan نے امریکی ایجنسی ناسا کے نظام ATLAS کے تعاون سے کیا تھا۔
یہ دم دار ستارہ فلکیاتی سائنس دانوں کے ہاںC/2023 A3 کے نام سے جانا جاتا ہے جس کو صدی کا دم دار ستارہ کا خطاب دیا گیا ہے۔ یہ ستارہ چٹانوں، برف اور دھول پر مشتمل ہے۔ آج کے روز یہ زمین کے انتہائی قریب یعنی 7 کروڑ کلو میٹر کے فاصلے پر ہو گا۔اگر مشرقی افق کا آسمان صاف رہا تو اس دم دار ستارے کو سعودی عرب اور عرب دنیا کے آسمان پر انسانی آنکھ سے دیکھا جا سکے گا البتہ بہتر طور پر دیکھنے کے لیے دور بین کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔
یہ بات العربیہ ڈاٹ نیٹ کی 29 ستمبر کی رپورٹ میں بتائی گئی تھی۔جدہ میں فلکیاتی سوسائٹی کے سربراہ انجینئر ماجد ابو زاہرہ کے مطابق توقع ہے کہ سورج کے قریب آنے پر دم دار ستارے کی دم کو دیکھا جا سکتا ہے جو دھول سے بنی ہوتی ہے۔ اس کی چمک ابھی تک ایک معمہ ہے، اگرچہ بعض سائنس دان توقع کر رہے ہیں کہ یہ رات کو آسمان پر 20 چمکنے والے ستاروں کی طرح روشن ہو سکتا ہے۔