Skip to content
اوقاف کا تحفظ ہر مسلمان کی ذمہ داری، ترمیمی بل کسی صورت بھی منظور نہیں.
تحفظ اوقاف بیداری مہم کے دوران مولاناقمرالزماں رحمانی کا خطاب
ارریہ15اکتوبر(پریس ریلیز)
مسلمانوں کو اوقاف کے تحفظ کے لیے کمربستہ رہناہوگا،مساجد، مدارس، دینی شعائر کی حفاظت کے لیے ضروری ہے کہ ہم بیدار رہیں اور متحد رہیں نیز دستاویزی کارروائیوں کو مکمل کرائیں، آپ کے علاقے میں جو بھی موقوفہ جائیدادیں ہیں انہیں جلد ازجلد ضروری کاغذات کے ساتھ رجسٹرڈ کرائیں، ان خیالات کا اظہارمولانا قمرالزماں رحمانی، ناظم مدرسہ دار السلام، اکرام نگر،مونگیر نے فاربس گنج، ارریہ بلاک کے تحت نوری مسجد، رواہی میں منعقد ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا-مولانا قمرالزماں رحمانی نے اپنے خطاب میں مسلمانوں کی بیداری اور فکر مندی کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے جس لگن اور فکر کے ساتھ جے پی سی کو اپنی رائے بھیجی وہ اس بات کی مثال ہے کہ آپ بیدار ہیں اور مستقبل کے تئیں حساس ہیں، اسی طرح بیدار رہ کر ہمیں اپنے بزرگوں کی ہدایات کے مطابق مہم میں حصہ لینا ہوگا اور ساتھ ہی ساتھ دستاویزی کاموں کو جلد ازجلد مکمل کرانا ہوگا،نیز وقف کی جائیداد مسلمانوں کے لیے مفید ہو اس کی کوشش کرنی چاہیے تاکہ واقف کا مقصد پورا ہو، مولانا نے عہدرسالت اور عہدصحابہ سے مثالیں پیش کرتے ہوئے مزید فرمایاکہ وقف کی مستقل شرعی حیثیت ہے اور وقف کی جائیدادیں کسی کی مرہون منت نہیں ہیں بلکہ ہمارے آبا واجداد نے اللہ کے راستے میں، ملت کی فلاح کے لیے وقف کی ہیں، ان پر ٹیڑھی نظریں لگانا دستور اور اخلاقی دونوں اعتبار سے غلط ہے، ہمیں ان جائیدادوں کے تحفظ کی فکر کرنی ہوگی چنانچہ پہلے دن سے ہی آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کے ذمہ داران فکرمند ہیں اور کوشاں ہیں کہ یہ ترمیمی بل رک جائے، اور مسلم پرسنل لا بورڈ نیز امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ مستقل تحریک چلارہی ہے، امیرشریعت مفکر ملت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب کے حسب ہدایت بڑے پیمانے پر بہار اور ملحقہ ریاستوں میں تحریک چلائی جارہی ہے، ضروری ہے کہ ہم سب تحفظ اوقاف کی مہم کا حصہ بنیں-
مولانا قمرالزماں رحمانی نے یہ بھی کہا کہ یہ ترمیمی بل ناانصافی پر مبنی ہے، ہمیں وزیراعلیٰ بہارکو بھی مضبوط پیغام دینا ہوگا کہ ملکی مفاد میں وہ اپنی اتحادی جماعت کو بل واپس لینے پر مجبور کریں، ملک کا ہر امن پسند شہری اسے دستور کی خلاف ورزی قرار دے رہاہے، مولانا نے ان ترامیم کے نقصانات پر تفصیلی گفتگو کی اور اسلامی احکام کو وضاحت کے ساتھ پیش کیا، پروگرام میں موجود تمام شرکاء نے عزم کیا کہ اوقاف کے تحفظ کے لیے قانون کے دائرہ میں رہ کر جو بھی کوشش کی جائے گی ہم سب اپنے بڑوں کی آواز پر لبیک کہیں گے-پروگرام میں جناب مولانا نعمان رحمانی امام نوری مسجد، جناب محمد زبیر وغیرہم نے تعاون کیا جس میں مقامی لوگوں کی بڑی تعداد شریک تھی-
Like this:
Like Loading...