اہل کرناٹک دور اندیشی اختیار کریں۔
اپنے ووٹوں کی حفاظت کے لیے یس آئی آر مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔
غفلت پربعد میں پچھتانا نہ پڑے .
مضمون نگار۔محمد توحیدرضا علیمی بنگلور
محترم قارئینِ کرام!ملک عزیز ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں یس آئی آر کے بعد کس طرح بڑی تعداد میں ووٹر لسٹ سے نام کاٹے گئے۔ یہ حقیقت کسی سے چھپی نہیں ہے کرناٹک میں بھی کہیں ایسا نہ ہوجائے اس لیے دور اندیشی کا ثبوت دیں اور ماضی کے تلخ تجربات سے درس لیتے ہوئے وقت ختم ہونے سے پہلے پہلے اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے ووٹ اور قوم مسلم کے ووٹ کی حفاظت کی فکر کریں یہ خدمت خلق ہے۔
ریاست کرناٹک میں اس وقت SIR (اسپیشل انٹنسِیو ریویژن / خصوصی جامع نظرثانی) کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ الحمدللہ، پورے کرناٹک میں اس مہم کو لے کر زبردست عوامی بیداری دیکھی جا رہی ہے۔ جن شہریوں کے پاس درست اور مکمل دستاویزات (Documents) موجود ہیں، وہ باآسانی اس عمل کا حصہ بن کر اپنی میپنگ (Mapping) کروانے میں کامیاب ہو رہے ہیں۔
لیکن دوسری جانب، اس مہم کے کچھ تشویشن نا ک اور کٹھن پہلو بھی سامنے آئے ہیں۔ بہت سے شہریوں کے پاس مطلوبہ دستاویزات کا نہ ہونا، یا تکنیکی وجوہات کی بنا پر ان کا کارآمد نہ ہونا ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔ سب سے بڑی پریشانی ان ووٹرز کو آ رہی ہے جو 2002ء کی ووٹر لسٹ میں اپنے باپ دادا کا نام تلاش کر رہے ہیں، لیکن الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے انہیں اپنے بزرگوں کا ریکارڈ نہیں مل پا رہا۔ اس کے علاوہ، ایک ہی فارم کو پُر کرنے اور آن لائن اپلوڈ کرنے میں سرور کی خرابی کے باعث کافی وقت ضائع ہو رہا ہے، جبکہ اس مہم کی مقررہ مدت انتہائی کم ہے۔
اپنے ووٹر کارڈ، سیریل نمبر اور BLO کا نمبر جاننے کا طریقہ
موجودہ حالات میں کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ آپ کو اپنے ووٹر کارڈ، سیریل نمبر اور اپنے علاقے کے بی ایل او (BLO) کی مکمل معلومات حاصل ہوں۔
اگر آپ2024ء کی ووٹر لسٹ کے مطابق اپنا نام، سیریل نمبر، پولنگ اسٹیشن اور اپنے BLO کا موبائل نمبر معلوم کرنا چاہتے ہیں، تو اس کا طریقہ انتہائی آسان ہے۔ آپ گوگل (Google) کے ذریعے چند منٹوں میں یہ معلومات حاصل کر سکتے ہیں:گوگل سرچ پر جائیں: اپنے موبائل یا کمپیوٹر پر گوگل اوپن کریں اور سرچ بار میں ”Voters Service Portal” یا ”Voter Search” لکھ کر سرچ کریں۔سرکاری ویب سائٹ کھولیں: سرچ رزلٹ میں سب سے اوپر آنے والی الیکشن کمیشن کی آفیشل ویب سائٹ voters.eci.gov.in پر کلک کریں۔اپنا نام تلاش کریں (Search in Electoral Roll): ویب سائٹ پر آپ کو تین طریقوں سے نام تلاش کرنے کا آپشن ملے گا:
EPIC نمبر کے ذریعے: اپنے ووٹر آئی ڈی کارڈ کا نمبر (Voter ID Number) اور ریاست (State) منتخب کر کے سرچ کریں۔ یہ سب سے آسان اور فوری طریقہ ہے۔
تفصیلات کے ذریعے (Search by Details): اپنا نام، والد/شوہر کا نام، عمر اور ضلع کا نام درج کر کے تلاش کریں۔موبائل نمبر کے ذریعے: اپنے رجسٹرڈ موبائل نمبر پر او ٹی پی (OTP) منگوا کر بھی سرچ کر سکتے ہیں۔بی ایل او (BLO) اور سیریل نمبر کی تفصیلات: جیسے ہی آپ کا نام اسکرین پر آئے گا، نیچے ”View Details” پر کلک کریں۔ وہاں آپ کو:آپ کا موجودہ سیریل نمبر (Serial Number) اور پارٹ نمبر مل جائے گا۔اسی صفحے پر نیچے آپ کے علاقے کے BLO کا نام اور ان کا
فعال موبائل نمبر بھی مل جائے گا، جس پر آپ کسی بھی شکایت یا فارم جمع کرنے کے لیے رابطہ کر سکتے ہیں۔
بی ایل او (BLO) سے رابطے میں چیلنجز
موجودہ حالات میں کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ کو اپنے ووٹر کارڈ، سیریل نمبر اور اپنے علاقے کے بی ایل او (BLO) کی مکمل معلومات حاصل ہوں۔ جب آپ الیکشن کمیشن کی آفیشل ویب سائٹ (voters.eci.gov.in) سے اپنے بی ایل او کا نمبر نکال لیں، تو ان سے فوری رابطہ کریں۔ چونکہ بی ایل اوز کو گھر گھر پہنچ کر انومینیشن فارم (Enumeration Form) دینے ہوتے ہیں اور عوام الناس ان کے اطراف جمع ہو کر اپنے فارموں کا مطالبات کر رہے ہوتے ہیں، اس لیے بسا اوقات بی ایل اوز کا فون ریسیو نہ کرنا ایک مجبوری بن جاتا ہے۔ لہٰذا، تحمل کے ساتھ ان سے انومینیشن فارم حاصل کریں۔
انومینیشن فارم بھرنے کا درست طریقہ
انومینیشن فارم کے خانوں کو تین حصوں (Parts) کی ترتیب سے سمجھنا انتہائی آسان ہے:
پارٹ نمبر ۱ (والدین باحیات ہونے کی صورت میں): جو والدین 2002ء کی ووٹر لسٹ میں موجود تھے اور الحمدللہ آج 2026ء میں بھی باحیات ہیں، تو فارم کے بائیں (Left) والے حصے میں ان کی 2002ء کی ووٹر آئی ڈی کے مطابق مکمل ڈیٹیلز ڈالی جائیں گی۔ اس کے بعدنیچے سے دائیں خانے میں موجودہ (Present) پتہ اور ووٹر آئی ڈی کارڈ کا اندراج کر کے میپنگ کروائی جائے گی۔
پارٹ نمبر ۲ اور ۳ (بچوں کی میپنگ کا طریقہ): عوام میں ایک سوال عام ہے کہ جن کے والدین نے 2002ء میں ووٹ ڈالا تھا (خواہ وہ آج باحیات ہوں یا نہ ہوں)، ان کے ساتھ بچوں کی میپنگ کیسے ہوگی؟ یاد رکھیں! ایسے تمام افراد کا مکمل ڈیٹا 2002ء کی لسٹ کے مطابق پارٹ نمبر ۲ میں لکھا جائے گا (جس میں والدین، دادا دادی، یا نانا نانی کا ووٹر آئی ڈی، ایپک نمبر اور ایڈریس ہوگا)۔ اس کے بعد، پارٹ نمبر ۳ میں بچے اپنا موجودہ ووٹر آئی ڈی کارڈ، آدھار نمبر اور دیگر تفصیلات تحریر کر کے والدین کے ساتھ خود کو لنک (میپ) کروائیں گے۔
مہم کے لیے ۴ لازمی دستاویزات (Documents)
ایس آئی آر (SIR) کے فارم کو درست طریقے سے فل کرنے کے لیے درج ذیل تین چیزیں سخت ضروری ہیں:2002(1) ء کی ووٹر لسٹ کا ریکارڈ یا اس کا پیج۔ (2)شہری کا اپنا خود کا موجودہ ووٹر آئی ڈی کارڈ۔ (3)اپنے والد یا والدہ کا ووٹر آئی ڈی کارڈ(4) شادی شدہ ہیں تو بیوی کے فارم میں شوہر کا اور شوہر کے فارم میں بیوی کانام و ایپک نمبر ڈالنے کی ضرورت ہے ۔
غلطیوں سے بچنے کے لیے اہم مشورہ ۔ہم نے سال 2026ء کے رمضان المبارک ہی میں آن لائن بی ایل او کے پاس پہنچ کر ایس آئی آر کا فارم فل کروایا تھا۔ اس تجربے کی روشنی میں عوام کو مشورہ ہے کہ اوریجنل انومینیشن فارم پر لکھنے سے پہلے اس کی ایک زیروکس (امتحانی کاپی) کروا لیں۔ اسے بی ایل او یا فارم فل کرنے کے ماہرین کی نگرانی میں ایک سے چار بار بھر کر دیکھ لیں اور اپنے دل کے سوالات کا جواب پا لیں۔ جب مکمل اطمینان ہو جائے کہ طریقہ درست ہے، تبھی اصل (Original) فارم پر صاف صاف لکھ کر بی ایل او کے پاس جمع کریں۔ جب سسٹم آپ کے سارے ڈاکومنٹس کو لے کر ڈن(Done) کر دے گا، تو آپ کی میپنگ کامیاب ہو جائے گی اور اس کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے نیا ووٹر آئی ڈی کارڈ جاری کیا جائے گا۔
خدمتِ خلق کی مخلصانہ اپیل
عوامِ کرناٹک سے دست بستہ عرض ہے کہ جنہوں نے اپنی میپنگ کروا لی ہے، وہ اپنے پڑوسیوں، رشتہ داروں اور غریبوں کا بھی خیال رکھیں۔ خدمتِ خلق کی نیت سے ان کے فارم فل کرنے اور 2002ء کی لسٹ نکلوانے میں ان کی ہر ممکن مدد کریں۔ یقیناً یہ بہت بڑی ملّی و سماجی خدمت ہے اور اللہ رب العزت اس کا بہترین صلہ عطا فرمائے گا۔
مضمون نگار۔محمد توحیدرضا علیمی بنگلور
امام مسجد رسولُ اللہ ﷺ خطیب۔ مسجد رحیمیہ میسور روڈ قبرستان مہتمم دارالعلوم حضرت نظام الدین رحمۃ اللہ علیہ نائب صدر۔ نوری فائونڈیشن علماء فیڈریشن کرناٹک خادم نوری فائونڈیشن بنگلور
رابطہ۔9886402786
tauheedtauheedraza@gmail.com