للن مشرا نے کلن شرما سےپوچھا یار تمہیں معلوم ہے کل کو اگر اپنے یوگی بابا وزیر اعظم بن جائیں تو پہلا کام کیا کریں گے ؟
کلن بولا دہلی کے لال قلعہ پر بلڈوزر چلا دیں گے کیونکہ وہ غلامی کی سب سے بڑی نشانی ہے۔
اچھا اگر ایسا ہوگیا تو وہ یوم آزادی کے دن تقریر کہاں سے کریں گے؟
ارے بھائی ان کے آتے ہی آزادی ختم ہوجائے گی تو یوم آزادی بھی نہیں منایا جائے گا ۔ اس لیے بھاشن واشن کا جھمیلا ازخود ختم ہوجائے گا ؟
لیکن بھیا وہ اگر پردھان منتری بننے کے بعد بھاشن نہیں دیں گے تو کریں گے کیا؟ ان کو تو کوئی اور کام بھی نہیں آتا؟
کلن نے کہا بھیا انہیں ساون کے مہینے میں جب ہری ہری سوجھے گی تو وہ ہری دوار جاکر اپنے کانوڈیوں کے سامنے دل کی بھڑاس نکال دیں گے ۔
بھیا نئے دور کے کاونوڈ بھاشن بازی نہیں سنتے ان کو موسیقی کی تھاپ پر لڑکیوں کا فحش ناچ پسند ہے اس لیے وہ یوگی کا بھاشن نہیں سنیں گے کیا سمجھے ؟
اچھا چلو تم ہی بتاو کہ وہ سب سے پہلا کام کیا کریں گے؟
میرے خیال میں وہ جنتر منتر پر بلڈوزر چلوادیں گے ۔
ارے تننتر منتر کے یوگی کی بھلا جنتر منتر سے کیسی دشمنی ؟ بات سمجھ میں نہیں آئی ۔
بھیا آج کل ہمارے سارے دشمن وہیں پر جمع ہوکر ہمیں پریشان کرتے ہیں ۔ اس لیے نہ رہے گا بانس اور نہ بجے گی بانسری ۔ کیا سمجھے ۔
ہاں مگر برج بھوشن کے خلاف وہاں اتنا ہنگامہ ہوا پھر بھی ہم نے اپنے گودی عدلیہ سے ان کو باعزت بری کروا لیا کہ نہیں ؟
یار بری تو کروا لیا مگر عزت کی بات نہ کرو۔ اس کی تو ایسی بے عزتی ہوئی کہ ہم اسے ٹکٹ نہیں دے سکے ۔ وہ الیکشن نہیں لڑسکا اور کیا چاہیے؟
بھیا وہ نہیں تو اس کا بیٹا جیت گیا ۔ کیا فرق پڑتا ہے آخر اقتدار کی لونڈی اپنے ہی گھر میں رہی نا؟
ہاں مگر جورو سے بہو بن گئی اورپھر جو ہم لوگ کانگریس پر وراثت کی سیاست کاالزام لگاتے ہیں وہ بھی کمزور ہوگیا۔
ارے بھیا پہلے الزام لگاتے تھے اب نہیں کیونکہ ہمارےبیشتر رہنماوں کے بیٹے سیاست کی روٹی کھا رہے ہیں ۔ امیت شاہ کے بیٹے جئے شاہ کو دیکھ لو۔
کلن نے پوچھا لیکن بھائی ہم نےدھرمیندر پردھان کی بلی چڑھا کر کاکروچوں کو تو بھگا دیا ۔ اب جنتر منتر سے کیا پریشانی ہے؟
ارے بھائی وہاں سے طلبا اور نوجوان گئے تو سادھو سنت آگئے اور لگے ہمارے ناک میں دم کرنےَ۔ اب تم ہی بولو کریں تو کریں کیا اور بولیں تو بولیں کیا؟
سادھو سنت! ان کو پیپر لیک سے کیا لینا دینا؟ وہ تو نہ امتحان دیتے ہیں اور نہ پرچہ لکھتے ہیں۔
جی ہاں وہ تو اس کے بغیر ہی اپنے آشرم عیش و عشرت کی زندگی گزارتے ہیں لیکن فی الحال ان کی رنگ رلیوں سے سناتن دھرم کی بدنامی ہورہی ہے۔
ارے بھیا بدنام نہ ہوں گے تو کیا نام نہ ہوگا ۔ ہمیں اس کی مطلق فکر نہیں کرنی چاہیے۔
پھر کس کی کرنی چاہیے؟
بھیا ہمیں تو ووٹ ملتے رہیں ۔ اقتدار باقی رہے ۔ موج مستی چلتی رہے یہی کافی ہے۔ رہا سوال نیک نامی یا بدنامی کا تو اس کی ایسی تیسی۔
ہاں یار یہ بات بھی صحیح ہے ۔ جشودھا بین کے حوالے سے پردھان جی کو کتنا بدنام کیا گیا مگر کیا فرق پڑا ۔ وہ تیسری باربھی وزیر اعظم بن ہی گئے ۔
یہ بھی صحیح ہے لیکن جنتر منتر کے سادھو آخر چاہتے کیا تھے؟ ان کو کیا پریشانی ہے ؟؟
وہ دراصل وزیر اعظم نریندر مودی کے گھر جاکر ان سے ملاقات کرنا چاہتے تھے تاکہ اپنے مطالبات پیش کرسکیں ۔
اچھا تو اس کے لیے جنتر منتر جیسی بدنام زمانہ جگہ جانے کی کیا ضرورت ہے۔ وہ وزیر اعظم کے گھر آتے اور آشیرواد دے کر اپنا مطالبہ پیش کردیتے۔
ارے بھیا وزیر اعظم نے ان کو وقت دیا ہوتا تبھی نا یہ ممکن تھا ۔
ارے بھائی رام راجیہ میں سادھو سنتوں کو بھی وقت لینا پڑتا ہے کیا۔ وہ اپنا کمنڈل لے کر ترشول لہراتے ہوئے جاسکتے تھے ۔
بھیا پردھان جی سے وقت لیے راہل گاندھی ملنے کے لیے پہنچ گئے تھے تو ان کا کیا حشر ہوا جانتے ہو کہ نہیں ؟ پولیس والے اٹھا کر لے گئے تھے ۔
ہاں یار اگر ہمارے دھرما چاریوں کے ساتھ یہ سلوک کرنا پڑتا تو بڑی بدنامی ہوتی لیکن وہ چاہتے کیا تھے؟
وہ سادھو سنت ایودھیا میں رام مندر کے اندر چندہ چوری سے پریشان ہیں ۔
ارے بھیا رام مندر میں چندہ چوری کا کام پردھان جی نے تھوڑی نا کیا ہے جو ان کے پاس پہنچ گئے ۔ ان کو تو ایودھیا یا لکھنو میں احتجاج کرنا چاہیے۔
بھیا رام مندر کا پران پرتشٹھان پردھان جی کریں ۔ اس پر پرچم وہی لہرائیں اور چندہ چوری پر منہ میں دہی جما کر بیٹھ جائیں ۔ یہ کیسے چلے گا ؟
چلو مان لیا مگر یوگی کی جی ایس آئی ٹی تو کام کررہی ہے نا ؟ اور کیا چاہیے؟؟
کیا خاک کام کررہی ہے۔ دہلی پولیس نے احتجاج میں شامل مجرموں کا تین دن میں پتہ لگا لیا اور یوگی تین ماہ بعد بھی اصل مجرمین کو نہیں پکڑ پائے۔
یار للن تم بہت بھولے ہو۔ یوگی جی کا کام پکڑنا ہوتا تو کب کا پکڑ لیتے۔ ان کا کام تو چندہ چوروں کو بچانا ہے۔
اچھا اب تم کہو گے کہ مارنے والے سے مشکل کام بچانے والے کا ہوتا ہے اس لیے وقت لگ رہا ہے۔ یار تم نے تو کمال کردیا ۔
جی ہاں صحیح پکڑے۔ ویسے تم آدمی سمجھدار ہو۔
بھائی اسی سمجھداری کی وجہ سے سادھو سنتوں کو جنتر منتر آنا پڑا ۔ وہ جان گئے کہ یوگی کیا کررہے ہیں اس لیے پردھان جی کی خدمت میں پہنچ گئے ۔
ارے بھیا تو انہیں سپریم کورٹ جاکر سی جی آئی سے ملنا چاہیے تھا جنھوں نے پرانی ایس آئی ٹی برخواست کرکے نئی بنوادی اور رپورٹ بھی طلب کرلی ۔
بھیا وہ بھی تو ٹال مٹول کا طریقہ ہے۔ نئی ایس آئی ٹی کے ارکان یوگی نے منتخب کیے اور انہیں کو رپورٹ دیں گے یعنی نئی بوتل میں پرانی شراب والی بات
اچھا خیر یہ جنتر منتر کے سادھو سنتوں کا مطالبہ کیا تھا؟
وہ چاہتے ہیں کہ سی بی آئی کے ذریعہ اس لوٹ کھسوٹ کی تفتیش کرائی جائے۔
ارے بھائی ایس آئی ٹی ہو یا سی بی آئی دنوں میں اپنے ہی لوگ تو ہیں؟
جی ہاں مگر سی بی آئی کی تفتیش یوگی کے بجائے ان کے حریف اول امیت شاہ کے تحت ہوگی اور وہ یوگی کو سبق سکھا دیں گے ۔
اچھا ! تو کہیں یہ سادھو سنت خود امیت شاہ نے تو نہیں بلائے تھے تاکہ یوگی بابا کو گھیرا سکے ؟
کون جانے کس نے بلائے تھے مگر ان پر وہ سختی نہیں ہوئی جو کاکروچ نما طلبا اور نوجوانوں کے ساتھ ہوئی تھی ۔ اس لیے کچھ بھی ہوسکتا ہے۔
مجھے نہیں لگتا کیونکہ پہلے سی جے پی کے ساتھ بھی نرمی کی گئی تھی مگر وانگچوک کی بھوک ہڑتال نے سارا کھیل بگاڑ دیا ۔
یار مجھے تو لگتا ہے اس بھوک ہڑتال نے نہیں بلکہ ہمارے اغوا کرنے کی حماقت نے کھیل بگاڑا ۔ اس کے بعد ہی بڑے پیمانے پر نوجوان متوجہ ہوئے ۔
ہاں مگر وہ اپنا پارلیمانی جلوس واپس لے لیتے تو کچھ بھی نہیں ہوتا؟
وہ کیوں واپس لیتے ؟ ہم بھی تو ان کے ساتھ نرمی کرسکتے تھے۔ ان پر پیلیٹ گن سے گولی چلانے اور کانٹے درا ڈنڈے برسانے کی کیا ضرورت تھی؟
یار تم تو راہل والی بولی بول رہے ہو؟ تمہیں کیا ہوگیا؟؟ سب ٹھیک تو ہے نا؟؟؟
بھیا میری بیٹی بھی وہاں تھی۔ اس نے بھی ڈنڈے کھائے۔ میں اس کے لیے امیت شاہ کو کبھی بھی معاف نہیں کرسکتا ۔ بھاڑ میں جائے کمل ومل ۔
یار میں تمہارا در دسمجھتا ہوں کیوں کہ میرا بیٹا بھی اپنا سر پھوڑوا کر آیا ہے مگر یہ ہماری غلطی ہے۔
ہماری غلطی ! تمہارا دماغ خراب ہے؟ ہم نے بھر بھر کے بی جے پی کو ووٹ دیا وہی ہماری غلطی تھی کیا؟
جی نہیں ہم نےپسماندہ نوجوانوں کو کاونڈ بنایاتو وہ جنتر منتر نہیں آئے مگر اپنے بچوں کو شاکھا میں نہیں بھیجا اس لیے بگڑ گئے۔ ورنہ وہ بھی نہیں جاتے ۔
اچھا مگر وہ سادھو کیوں چلے گئے ؟
بھیا ان کا تو دھندا مندا ہواگیا ہے۔ ایودھیا میں زائرین کی تعداد اوسطاً سترّ فیصد مگر حقیقت میں نوےّ فیصد کم ہوگئی ۔ اب اگر وہ نہیں آئیں گے تو ۰۰۰۰
تب تو سارا کاروبار چوپٹ ہوجائے گا ۔ مجھے تو ڈر ہے کہ کل کو وہ تاجر اور سرمایہ دار بھی جنتر منتر نہ آجائیں جنھوں نے ایودھیا میں بڑی سرمایہ کاری کی ہے
ہاں بھیا ہوٹل اور دوکانیں سب خالی ہیں۔ ایودھیا کو ہماری چندہ چوری نے اجاڑ دیا ہے۔
یہی تو ہر کوئی کہہ رہا ہے کہ اس سے زیادہ لوگ تو مندر کی تعمیر سے پہلے بھی آتے تھے ۔ لگتا ہے لوگوں کا من کھٹا ّ ہوگیا ہے۔
یار لوگوں کی بات چھوڑو خود میرا من بھی نہیں کرتا۔ میرے بس میں ہوتا تو میں بھی سادھو سنتوں کے ساتھ جنتر منتر پہنچ جاتا ۔
کلن ہنس کر بولا چنتا نہ کرو وہ بہت جلد لوٹ کر پھر سے آئیں گے۔ اس وقت چلے جانا۔ چلو میں چلتا ہوں۔