ایک روزہ تفہیم ختم نبوت ورکشاپ میں مولانا جمال الرحمٰن مفتاحی، مولانامحمد عبدالقوی اور دیگر علماء کے خطابات
حیدرآباد،24جون(پریس نوٹ) مولانا محمد ارشد علی قاسمی سیکریٹری مجلس تحفظ ختم نبوت کے بموجب جامع مسجد نور گرومورتی، قطب اللہ پور میں ریاستی مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ تلنگانہ وآندھرا پردیش کے زیر اہتمام مقامی یونٹ مجلس تحفظ ختم نبوت حلقہ قطب اللہ پور کی جانب سے ایک روزہ تفہیم ختم نبوت ورکشاپ منعقدہوا، اس موقع پر مولانا شاہ جمال الرحمٰن مفتاحی صدر مجلس تحفظ ختم نبوت نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا: یوں تو آدمی اپنے جسم کے ہر عضو کی حفاظت کرتا ہے، لیکن اس سے بڑھ کر اپنی جان کی حفاظت کرتا ہے، جان کے لئے کوئی خطرہ مول لینا نہیں چاہتا، اسی طرح فتنوں کے اس دور میں ہمیں اپنی جان سے بڑھ کر ایمان کی حفاظت کرناہے، اس کے لئے اسلام کے بنیادی عقیدوں کے واقف ہونے کی ضرورت ہے، بالخصوص ختم نبوت کے عقیدہ کے بارے میں ہمیں اچھی طرح یاد رکھنا چاہیے کہ یہ اسلام کا بنیادی عقیدہ ہے رسول اللہ ﷺ آخری نبی ہیں، تمام انبیاء کرام ؑ میں صرف اور صرف آپ ﷺ کو خاتم النبیین ہونے کا شرف واعزاز حاصل ہے، اس عقیدہ پر ہمارامضبوط ایمان ہواور ہم مرتے دم تک اس عقیدہ پر قائم رہیں، مولانا محمد عبد القوی خازن مجلس تحفظ ختم نبوت نے کہا: موجودہ دور میں عقائد کو بگاڑنے اور اُن میں شکوک وشبہات پیداکرنے کے لئے نئے نئے فتنے پیدا ہورہے ہیں، ان فتنوں سے بچنے کے لئے اہل سنت والجماعت کے عقائد کو جاننا اور سمجھنا ضروری ہے، اہل سنت والجماعت کامطلب یہ ہے کہ ہم قرآن مجید کی آیات اور احادیث کے اُس معنی ومفہوم پر عمل کرتے ہیں جو صحابہ کرام ؓ نے سمجھا ہے اور اپنے بعد والوں کو بتایاہے، اہل سنت والجماعت آیات واحادیث کی من مانی تشریح نہیں کرتے ، یہی وجہ ہے کہ وہ صحابہ کرام ؓ اور اہل بیت اطہارؓ سے یکساں عقیدت ومحبت رکھتے ہیں اور اس کو اپنے دین وایمان کی لازمی حصہ سمجھتے ہیں، اہل بیت اطہار سے اہل سنت کی عقیدت ومحبت کی دلیل یہ ہے کہ وہ اپنے بچوں کے نام اہل بیت کی مقدس وبرگزیدہ شخصیات کے نام پر رکھتے ہیں، مثلاً احمد علی، امتیاز علی، حسن ، حُسین، حسنین، کنیز فاطمہ، امّ کلثوم، زینب، رقیّہ وغیرہ، اس کے بر خلاف جو لوگ صحابہ کرامؓ پر تبراکرتے ہیں ، انھیں بُرا بھلا کہتے ہیں، وہ اپنے بچّوں کے نام حضرت ابوبکرؓ، حضرت عمرؓ، اورحضرت عثمانؓ کے نام پر نہیں رکھتے، اور نہ اپنی بچیوں کے نام حضرت عائشہؓ، اورحضرت حفصہؓ کے نام پر رکھتے ہیں، مولانا انصار اللہ قاسمی نے کہا، اسلام میں داخل ہونے اور اُس سے وابستہ رہنے کے لئے اُس کے تمام بنیادی عقیدوں کو ماننا ضروری ہے، لیکن خارجِ اسلام ہونے تمام بنیادی عقائد کا انکار کرنا ضروری نہیں، کسی ایک بنیادی عقیدہ کا بھی انکار کردینے سے آدمی مسلمان باقی نہیں رہتا، مولانا مفتی حنیف خان قاسمی صدرمجلس تحفظ ختم نبوت حلقہ قطب اللہ پور نے کہا: قادیانی فرقہ عقیدۂ ختم نبوت کا منکرہے، اس لئے اسلام سے اُس کا کوئی تعلق نہیں، اور فیاض بن یاسین نامی شخص علاج ومعالجہ کے نام پر ناواقف اور پریشان حال مسلمانوں کے عقائد سے کھلواڑ کررہاہے، مولانا مفتی رفعت رضوان قاسمی نے کہا: احکام شریعت پر عمل کرنے کے لئے قرآن مجید کے بعد حدیث کو بھی حجّت ماننا ضروری ہے، حدیث کو حجّت مانے بغیر کوئی شخص مکمل دین پر عمل نہیں کرسکتا،مولانا مفتی عبدالمنعم فاروقی نے کہا: دین سیکھنے اور سمجھنے کے لئے ہمیں علماء دین سے رجوع ہونا چاہئے، سوشیل میڈیا پر نام نہاد مذہبی اسکالر کے بیانات سننے سے آدمی دین سیکھنے کے بجائے دین کا باغی بن جاتا ہے، مولانا وجیہ الدین قاسمی نے کہا: اسلام میں تصوف کوئی الگ چیز نہیں ہے، بل کہ شریعت کی روشنی میں قلب ونظر کی اصلاح کا نام تصوف ہے، گوہرشاہی کا فتنہ اپنے خود ساختہ تصوف کے ذریعہ عام مسلمانوں کو شریعت کا باغی بنارہاہے، مولانا سید احتشام نعیم عابد نے کہا: اسلام میں صحابہ کرام ؓ اور اہل بیت اطہار ؓ کا بڑا مقام ومرتبہ ہے ان ہی کی قربانیوں کی وجہ سے ہمیں ایمان کی نعمت نصیب ہوئی ہے، مولانا مفتی عبد القوی عمر حسامی نے کہا: قیامت کے قریب زمانہ میں حضرت مہدی کا ظاہر ہونا اور حضرت عیسی علیہ السلام کا آسمان سے نازل ہونا قرآن وحدیث سے ثابت ہے ہر مسلمان کو قیامت کی ان نشانیوں پرایمان رکھنا ضروری ہے قبل ازیں قرآن مجید کی تلاوت اور نعت ِ رسول مقبول ﷺ سے ایک روزہ تفہیم ختم نبوت ورک شاپ کا آغاز ہوا، اور صدرِ محترم کی دعاء پر ورک شاپ بحسن وخوبی اختتام کو پہونچا۔