جمعہ کے بیان میں ختم نبوت کے عنوان پر خطاب کیا جائے.
ائمہ و خطیب حضرات سے مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ کے ذمہ داران کی اپیل
حیدرآباد،10ستمبر(پریس نوٹ) مولانا انصار اللّٰہ قاسمی آرگنائزر مجلس تحفظ ختم نبوت کے بموجب ریاستی مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ تلنگانہ و آندھرا پردیش کے ارکان و عہدیداران مولانا شاہ جمال الرحمان مفتاحی، مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی قاسی، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، مولانا محمد عبد القوی، مولانا حافظ خواجہ نذیر الدین سبیلی، مولانا محمد امجد علی قاسمی، مولانا مصلح الدین قاسمی اور مولانا محمد ارشد علی قاسمی نے اپنے صحافی بیان میں کہا: ختم نبوت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سب سے اہم اور بنیادی صفت ہے، ہر سچا مسلمان آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی اس امتیازی شان کو دل و جان سے تسلیم کرتے ہوئے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے آخری نبی ہونے کا عقیدہ رکھتا ہے اور یہ اسلام کے اہم ترین اور بنیادی عقائد میں سے ہے، ماہ ربیع الاول میں جہاں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے مختلف گوشوں پر گفتگو کی جاتی ہے، وہیں سیرت طیبہ کے اس اہم ترین اور خاص پہلو "ختم نبوت” پر بھی روشنی ڈالنا ضروری ہے، کیوں کہ اس کا تعلق آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی خاص شان کے علاوہ امت مسلمہ کے عقیدہ و ایمان کی حفاظت سے ہے، اس لئے ہر سال ربیع الاول کے مہینہ میں ریاستی مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ کے زیر اہتمام گریٹر حیدر آباد کے مختلف علاقوں، تلنگانہ اور آندھرا کے مختلف اضلاع کے شہروں منڈلوں اور دیہاتوں میں ختم نبوت کو موضوع بنا کر "سیرت خاتم النبیین” کے عنوان سے جلسے رکھے جاتے ہیں، الحمد اللّٰہ یہ سلسلہ جاری ہے، اسی ضمن میں یہ بھی طے پایا کہ ربیع الاول کے آخری جمعہ کو گریٹر حیدر آباد اور دونوں ریاستوں کے تمام اضلاع و شہروں کی مساجد میں جمعہ کے دن اردو بیان میں ختم نبوت کے عنوان پر خطاب کیا جائے، اس لئے ہم تمام ائمہ و خطیب حضرات سے اپیل کرتے ہیں کہ مورخہ 11 ستمبر2026ء بروز جمعہ اپنی مساجد میں اس عنوان پر خطاب کریں، تاکہ مسلمان عقیدہ ختم نبوت کی عظمت و اہمیت سے واقف ہو کر فتنہ قادیانیت کی گمراہی سے محفوظ رہیں۔