گیانیش کمار۔دفعہ ۱۶ کا حصار.
استعفیٰ کا مطالبہ اور گرفتاری کا سوال
تحریر: محمد اعجاز الدین احمد عاجزؔ
رابطہ:9700389755
نئی دہلی کے جنتر منتر اور ممبئی کے شیواجی پارک میں احتجاج اور دھرنے کا جو آغاز ہوا ہے، اسے محض گیانیش کمار کے استعفیٰ کا مطالبہ سمجھنا شاید اس معاملے کی وسعت کو محدود کر دینا ہوگا۔ ایسے احتجاجی مظاہروں کے ملک کے دیگر حصوں تک پھیلنے کی بات بھی سامنے آئی ہے۔ یوں دارالحکومت سے ممبئی تک بلند ہونے والی آوازیں اب ایک ایسے قضیے سے مربوط ہو گئی ہیں جس کے مرکز میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کا نام، الیکشن کمیشن کے داخلی اختلافات، انتخابی فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی اور سب سے بڑھ کر ایک بنیادی قانونی سوال موجود ہے۔ایک ایسے منصب پر فائز شخص، جسے انتخابی نظام کی غیر جانب داری اور خودمختاری کا نگہبان سمجھا جاتا ہے، اس کے سرکاری اعمال کے لیے قانونی تحفظ کی حدود کہاں تک ہیں، اور احتساب کی حد کہاں سے شروع ہوتی ہے؟
یہ سوال محض موجودہ سیاسی کشمکش کا عارضی شاخسانہ نہیں۔ اس کے پس منظر میں قانون، دستور، پارلیمانی اختیار، عدالتی نگرانی، انتخابی ادارے کی خودمختاری اور عوامی جواب دہی جیسے بنیادی سوالات باہم پیوست ہیں۔ اسی لیے گیانیش کمار کے گرد ابھرتی ہوئی یہ بحث کسی ایک فرد کے عہدے، کسی ایک سیاسی جماعت کے مطالبے یا کسی ایک انتخابی تنازع تک محدود نہیں رہتی بلکہ ہندوستانی جمہوری نظام میں اختیارات اور احتساب کے باہمی توازن کا ایک وسیع تر سوال بن جاتی ہے۔
اس تمام قضیے کے قلب میں ۲۰۲۳ کے چیف الیکشن کمشنر اور دیگر الیکشن کمشنرز ایکٹ کی دفعہ ۱۶ واقع ہے۔ یہی وہ دفعہ ہے جس نے ایک طرف انتخابی کمشنروں کو ان کے سرکاری فرائض کی انجام دہی سے متعلق بعض دیوانی اور فوجداری کارروائیوں کے خلاف قانونی حصار فراہم کیا ہے اور دوسری طرف اس کے دائرۂ کار، خصوصاً گرفتاری اور پولیس تفتیش کے حوالے سے، ایک پیچیدہ قانونی بحث کو جنم دیا ہے۔ سوال یہ ہے کہ ۲۰۲۳ کے چیف الیکشن کمشنر اور دیگر الیکشن کمشنرز ایکٹ کی دفعہ ۱۶ کسی موجودہ یا سابق چیف الیکشن کمشنر یا الیکشن کمشنر کو سرکاری فرائض کی انجام دہی سے متعلق دیوانی اور فوجداری کارروائیوں سے کس حد تک تحفظ فراہم کرتی ہے؟ یہ سوال اس لیے بھی اہم ہے کہ قانون میں مخصوص نوعیت کی عدالتی کارروائیوں کے خلاف تحفظ تو واضح الفاظ میں موجود ہے، لیکن گرفتاری، پولیس تفتیش یا تحقیقات کے بارے میں صریح الفاظ موجود نہیں۔ چنانچہ دفعہ ۱۶ کو محض ایک قانونی ڈھال سمجھ لینا یا اسے گرفتاری سے مکمل استثنیٰ قرار دینا، دونوں تعبیرات قانونی متن سے آگے بڑھ جانے کے مترادف ہوں گی۔ موجودہ صورت حال میں اصل معرکہ سیاسی مطالبات اور قانونی تحفظ کے درمیان نہیں، بلکہ اس امر کی تعیین پر ہے کہ دفعہ ۱۶ کا حقیقی دائرہ کار کہاں سے شروع ہوتا ہے اور کہاں اختتام پذیر ہوتا ہے۔
استثنیٰ کی دو ممکنہ وجوہات
ہندوستان کے صدر اور ریاستوں کے گورنروں جیسے اعلیٰ آئینی عہدوں کو اپنے عہدے کی مدت کے دوران فوجداری کارروائی سے تحفظ حاصل ہے (آئین ہند کی دفعہ ۳۶۱)۔ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے ججوں کے خلاف بھی چیف جسٹس آف انڈیا کی منظوری کے بغیر فوجداری کارروائی شروع نہیں کی جا سکتی۔ تاہم صدرِ جمہوریہ، سپریم کورٹ کے ججوں اور ہائی کورٹس کے ججوں کو بالترتیب آئین کے آئین ہند کی دفعہ ۶۱، ۱۲۴(۴) اور ۲۱۸ میں دیے گئے خصوصی طریقۂ کار کے ذریعے عہدے سے ہٹایا جا سکتا ہے۔ جہاں تک ہندوستان کے الیکشن کمیشن کا تعلق ہے، اگرچہ چیف الیکشن کمشنر کو عہدے سے ہٹانے کا طریقۂ کار اعلیٰ عدلیہ کے ججوں سے ملتا جلتا ہے، لیکن آئین الیکشن کمیشن کے ارکان کو فوجداری کارروائی سے کوئی تحفظ فراہم نہیں کرتا۔ تاہم حکومتِ ہند نے ۲۰۲۳ء کے چیف الیکشن کمشنر اور دیگر الیکشن کمشنروں (تقرر، شرائطِ ملازمت اور مدتِ عہدہ) ایکٹ کے ذریعے، جس نے ۱۹۹۱ء کے سابقہ قانون کی جگہ لی، چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمشنروں کو فوجداری کارروائی شروع کیے جانے سے ایسا استثنیٰ فراہم کیا ہے جو صرف ان کی مدتِ عہدہ تک محدود نہیں ہے۔ بلکہ عہدہ سے ہٹنے کے بعد میں بھی ہے۔سیاسی تجزیہ نگاروں اور قانونی ماہرین کے مطابق س طرح کے استثنیٰ کی دو ممکنہ وجوہات ہو سکتی ہیں۔ پہلی یہ کہ انہیں اپنی آئینی ذمہ داری، یعنی آزاد اور منصفانہ انتخابات کرانے کے لیے، تمام بیرونی دباؤ سے آزاد ہونا چاہیے۔ دوسری وجہ، جو موجودہ حالات سے ظاہر ہوتی ہے، یہ ہے کہ موجودہ حکمران نظام نے محسوس کیا کہ اگر اس عہدے کو اپنے جماعتی سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرنا ہے تو اسے ایسے استثنیٰ کی ضرورت ہوگی، تاکہ اس عہدے پر فائز افراد کو یہ یقین دہانی حاصل ہو کہ ان کے اقدامات کے خلاف کوئی فوجداری کارروائی نہیں کی جا سکتی۔شاید اسی چیز نے چیف الیکشن کمشنر کو ایسے انداز میں کام کرنے کا حوصلہ دیا ہے جس پر اب عوامی غم و غصے کا اظہار ہو رہا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمشنروں کو دیا گیا ایسا وسیع اور تاحیات استثنیٰ آئینی نظام سے مطابقت نہیں رکھتا، خاص طور پر اس لیے کہ ہندوستان میں کسی دوسرے آئینی عہدے دار کو ایسا لامحدود استثنیٰ حاصل نہیں ہے۔ یقیناً یہ معاملہ سپریم کورٹ میں چیلنج کے زیرِ سماعت ہے۔
الیکشن کمیشن کے اندر اختلافات کی نئی لہر
۲۰۲۳ء کا قانون یہ بھی کہتا ہے کہ الیکشن کمشنروں کو فیصلے اتفاقِ رائے سے کرنے کی کوشش کرنی چاہیے؛ اور اگر اتفاقِ رائے نہ ہو تو اکثریتی فیصلہ نافذ ہوگا۔ حال ہی میں ایک تحقیقاتی صحافی کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر یک طرفہ فیصلے کر رہے تھے، جس کے نتیجے میں لاکھوں رائے دہندوں کے نام غیر مجاز طور پر حذف اور شامل کیے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ اس طریقۂ کار کی مخالفت دونوں الیکشن کمشنروں نے کی تھی۔
یہ قانونی سوال ایسے وقت میں دوبارہ نمایاں ہوا ہے جب الیکشن کمیشن کے اندرونی معاملات اور فیصلہ سازی کے طریقۂ کار پر ایک تازہ تنازع سامنے آیا ہے۔ دی انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق، الیکشن کمشنرز سکھبیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی نے دس ماہ کے عرصے میں کم از کم ۱۴ مرتبہ ایسے فیصلوں اور احکامات پر باضابطہ اعتراضات کیے جو انتخابی پینل کے کام کاج اور انتخابی فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی سے متعلق تھے۔ یہ محض اختلاف رائے کی ایک عمومی کیفیت نہیں تھی بلکہ رپورٹ کے مطابق ان اعتراضات کا تعلق ایسے معاملات سے تھا جو انتخابی انتظامیہ کے بنیادی ڈھانچے سے وابستہ ہیں۔ ان میں رائے دہندوں کی رجسٹریشن، انتخابی فہرست سے ناموں کے اخراج اور دوبارہ بحالی، فارم ۶ میں تبدیلیوں، نیز انتخابی فہرستوں کے اعداد و شمار کے ذخیرے کے انتظام اور اس کے تحفظ جیسے امور شامل تھے۔ تاہم الیکشن کمیشن نے ان اختلافات کی تعبیر مختلف انداز میں کی۔ اس کا کہنا ہے کہ تحریری اعتراضات، مختلف آرا اور مشاہدات کسی بھی ادارے کے معمول کے داخلی غور و خوض کا حصہ ہوتے ہیں۔ کمیشن نے یہ بھی برقرار رکھا کہ خصوصی جامع نظرثانی سمیت اس کے حتمی فیصلے متفقہ تھے۔ یوں ایک ہی واقعے کے دو مختلف بیانیے سامنے آتے ہیں۔ ایک طرف اندرونی اختلافات اور باضابطہ اعتراضات کی رپورٹیں ہیں، دوسری جانب ادارے کا یہ موقف ہے کہ اختلاف رائے داخلی غور و خوض کا حصہ تھا اور حتمی فیصلے اتفاق رائے سے کیے گئے۔
دفعہ ۱۶: قانونی تحفظ یا گرفتاری سے استثنیٰ؟
یہاں اصل قانونی گرہ کھلتی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر اور دیگر الیکشن کمشنرز کی تقرری، ملازمت کی شرائط اور مدت عہدہ سے متعلق ۲۰۲۳ کے قانون کی دفعہ ۱۶ کا عنوان ہے: چیف الیکشن کمشنر اور دیگر الیکشن کمشنرز کا تحفظ۔ دفعہ کا آغاز ان الفاظ سے ہوتا ہے کہ کسی بھی دوسرے قانون میں موجود کسی بھی بات کے باوجود۔ اس کے بعد قانون کہتا ہے کہ کوئی عدالت ایسے شخص کے خلاف دیوانی یا فوجداری کارروائی شروع یا جاری نہیں رکھ سکتی جو موجودہ یا سابق چیف الیکشن کمشنر یا الیکشن کمشنر ہو، بشرطیکہ وہ کارروائی ایسے فعل، کام یا بیان سے متعلق ہو جو اس شخص نے سرکاری فرائض یا اختیارات کی انجام دہی کے دوران، یا ان کی انجام دہی کے طور پر، کیا یا کہا ہو۔ اس قانونی عبارت میں دو پہلو غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں۔
اول یہ کہ تحفظ صرف فوجداری معاملات تک محدود نہیں بلکہ دیوانی اور فوجداری دونوں کارروائیوں کا احاطہ کرتا ہے۔
دوم یہ کہ قانون موجودہ ہی نہیں بلکہ اس شخص کو بھی تحفظ کے دائرے میں شامل کرتا ہے جو چیف الیکشن کمشنر یا الیکشن کمشنر ہے یا رہ چکا ہے۔
گویا قانون کی زبان اس تحفظ کو محض عہدے پر فائز رہنے کی مدت تک محدود نہیں کرتی۔
لیکن یہاں ایک نہایت اہم قانونی قید بھی موجود ہے۔ دفعہ ۱۶ ہر فعل کو تحفظ نہیں دیتی۔ تحفظ اسی صورت میں متصور ہوگا جب متعلقہ فعل، کام یا بیان سرکاری فرائض یا اختیارات کی انجام دہی کے دوران، یا ان کی انجام دہی کے طور پر، کیا گیا ہو۔ یہی وہ مقام ہے جہاں مستقبل کی کسی بھی عدالتی تشریح کا اصل امتحان ہوگا۔
کیا دفعہ ۱۶ گرفتاری کا راستہ بھی مسدود کرتی ہے؟
یہ سوال بظاہر سادہ ہے، مگر قانونی اعتبار سے اس کا جواب نہایت محتاط تعبیر کا متقاضی ہے۔ دفعہ ۱۶ میں گرفتاری کا لفظ موجود نہیں۔ اسی طرح اس میں پولیس تفتیش یا تحقیقات کے الفاظ بھی استعمال نہیں ہوئے۔ دفعہ کی ساخت بنیادی طور پر عدالت کے ذریعے دیوانی یا فوجداری کارروائی کو شروع کرنے یا جاری رکھنے سے متعلق ہے۔ اس بنا پر یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ دفعہ ۱۶ خودکار طور پر کسی چیف الیکشن کمشنر کی گرفتاری پر پابندی عائد کرتی ہے۔ دفعہ عدالت کے سامنے آنے والی کارروائیوں کے بارے میں قانونی رکاوٹ وضع کرتی ہے؛ وہ گرفتاری یا تفتیش کے لیے الگ اور صریح ممانعت بیان نہیں کرتی۔ چنانچہ کسی خاص معاملے میں یہ سوال کہ تفتیش، گرفتاری یا مقدمے سے پہلے کی کسی کارروائی پر دفعہ ۱۶ کس حد تک اثر انداز ہوگی، متعلقہ قانون اور بالآخر عدالتی تشریح پر منحصر ہوگا۔ دفعہ کا جو امر بالکل واضح ہے، وہ یہ ہے کہ اگر کوئی کارروائی اس کی مقرر کردہ شرائط کے دائرے میں آتی ہو تو عدالت اسے شروع یا جاری نہیں رکھ سکتی۔ لہٰذا اصل قانونی سوال یہ ہوگا کہ مبینہ فعل کیا واقعی سرکاری فرائض یا اختیارات کی انجام دہی کے دوران کیا گیا تھا، یا کمشنر محض یہ تاثر دے رہا تھا کہ وہ اپنے سرکاری فرائض انجام دے رہا ہے؟ یہ امتیاز معمولی نہیں۔ یہی دفعہ ۱۶ کے حقیقی دائرہ کار کا بنیادی محور ہے۔
دفعہ ۱۶ قانون کا حصہ کیسے بنی؟
اس قانونی تحفظ کی تاریخ بھی خاصی اہم ہے، کیونکہ یہ شق اس بل کا حصہ نہیں تھی جب اسے پہلی مرتبہ پارلیمان میں پیش کیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر اور دیگر الیکشن کمشنرز بل، ۲۰۲۳، ۱۰ اگست ۲۰۲۳ کو راجیہ سبھا میں پیش کیا گیا۔ پھر ۱۲ دسمبر کو بل پر غور کے دوران حکومت نے ایک ترمیم پیش کی، جس کے ذریعے ایک نئی شق ۱۵ اے شامل کرنے کی تجویز رکھی گئی۔ اس شق کا عنوان تھا: چیف الیکشن کمشنر اور دیگر الیکشن کمشنرز کا تحفظ۔ راجیہ سبھا کے سرکاری ریکارڈ میں اس ترمیم کو ترمیم نمبر ۳۹ کے طور پر درج کیا گیا ہے۔ مجوزہ شق کا متن بھی ریکارڈ میں موجود ہے۔ یہ ترمیم اس وقت کے قانون کے وزیر ارجن رام میگھوال نے پیش کی، جسے راجیہ سبھا نے منظور کر لیا۔ بعد ازاں یہی شق معمولی متنی فرق کے ساتھ نافذ ہونے والے قانون کی دفعہ ۱۶ بن گئی۔ بل ۲۱ دسمبر ۲۰۲۳ کو لوک سبھا سے منظور ہوا، اور ۲۸ دسمبر ۲۰۲۳ کو صدر جمہوریہ کی منظوری حاصل کر لی گئی۔ دفعہ ۱۶، ایکٹ کی دیگر دفعات کے ساتھ، ۲ جنوری ۲۰۲۴ کو نافذ العمل ہوئی۔ اس تاریخی ترتیب سے ایک بات واضح ہوتی ہے، یہ تحفظ قانون کے ابتدائی مسودے میں موجود نہیں تھا بلکہ پارلیمانی غور و خوض کے مرحلے میں حکومت کی ایک باقاعدہ ترمیم کے ذریعے شامل کیا گیا۔
حکومت نے یہ تحفظ کیوں ضروری سمجھا؟
راجیہ سبھا میں اس ترمیم کی توضیح کرتے ہوئے اس وقت کے قانون کے وزیر ارجن رام میگھوال نے کہا تھا کہ شق ۱۵ اے کا مقصد چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمشنروں کو اپنے فرائض بلا رکاوٹ اور آزادانہ طور پر انجام دینے کا موقع فراہم کرنا تھا۔ یہ استدلال بنیادی طور پر ادارہ جاتی خودمختاری اور انتخابی انتظامیہ کی آزادی کے تصور سے جڑا ہوا ہے۔ لیکن قانون کی وسعت نے ایک دوسرا سوال بھی پیدا کیا ہے۔
قانونی چیلنج میں اس امر پر اعتراض اٹھایا گیا ہے کہ دفعہ ۱۶ کا متن ایک ایسے شخص کو بھی تحفظ دیتا ہے جو چیف الیکشن کمشنر یا الیکشن کمشنر ہے یا رہ چکا ہے، اور اس میں یہ صراحت موجود نہیں کہ ایک مخصوص مدت گزرنے کے بعد یہ تحفظ ازخود ختم ہو جائے گا۔ یہی وسعت قانونی بحث کا ایک اہم پہلو بن گئی ہے۔ تاہم اس اعتراض کو کسی عدالتی فیصلے کے ساتھ خلط ملط نہیں کرنا چاہیے۔ یہ کہنا کہ اس دفعہ پر قانونی اعتراض موجود ہے، ایک الگ بات ہے؛ اور یہ کہنا کہ عدالت نے اسے غیر آئینی قرار دے دیا ہے، بالکل الگ بات۔ ابھی تک ایسا کوئی حتمی عدالتی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
سپریم کورٹ کے سامنے دفعہ ۱۶ کا امتحان
جنوری ۲۰۲۶ میں سپریم کورٹ نے غیر سرکاری تنظیم لوک پرہری کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کے ذریعے دفعہ ۱۶ کو چیلنج کیے جانے کا نوٹس لیا۔ چیف جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جوئی مالیا باگچی پر مشتمل بنچ نے مرکزی حکومت اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کیا، تاہم عدالت نے دفعہ ۱۶ پر حکم امتناع عائد کرنے سے انکار کر دیا۔درخواست گزار کا استدلال ہے کہ دفعہ ۱۶ دیوانی اور فوجداری کارروائیوں سے غیر معمولی طور پر وسیع اور مسلسل تحفظ فراہم کرتی ہے، حتیٰ کہ اس وقت بھی جب متعلقہ کمشنر عہدہ چھوڑ چکا ہو۔ لیکن یہاں بھی قانونی نزاکت برقرار رکھنا ضروری ہے۔ یہ درخواست گزار کا مؤقف ہے، سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں۔ عدالت نے تاحال دفعہ ۱۶ کی آئینی حیثیت یا اس کے قطعی دائرہ کار پر حتمی فیصلہ صادر نہیں کیا۔ چنانچہ موجودہ قانونی صورت حال میں دفعہ ۱۶ پوری طرح نافذ العمل ہے۔
فارم ۶ کا تنازع: ایک انتظامی ترمیم یا قانونی سوال؟
گیانیش کمار کے خلاف گرفتاری اور برطرفی کے مطالبات کا فوری پس منظر الیکشن کمیشن کے اندر ایس آئی آراور انتخابی فہرستوں کے انتظام سے متعلق مبینہ اختلافات ہیں۔ ان میں سے ایک اہم اختلاف فارم ۶ میں تبدیلی سے متعلق تھا۔ فارم ۶ وہ قانونی فارم ہے جسے نئے ووٹر کے طور پر رجسٹریشن کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایس آئی آرکے تناظر میں اس فارم میں ایسے سوالات شامل کیے گئے جن کا تعلق گزشتہ ایس آئی آرسے تھا، مثلاً یہ کہ آیا درخواست گزار، اس کے والدین یا اس کے دادا دادی یا نانا نانی متعلقہ انتخابی فہرست میں درج تھے۔
دی انڈین ایکسپریس کے مطابق، وویک جوشی نے مئی میں ایس آئی آرکے فریم ورک کے ذریعے فارم ۶ میں کی جانے والی تبدیلی پر اعتراض کیا۔ ان کا مؤقف تھا کہ فارم ۶ فہرست رائے دہندگان میں رائے دہندوں کے اندراج کے قواعد، ۱۹۶۰ کے تحت مقرر کیا گیا ہے، اس لیے اس میں مجوزہ نوعیت کی تبدیلی کے لیے محض انتظامی حکم کافی نہیں ہوگا بلکہ قواعد میں باضابطہ ترمیم درکار ہوگی۔ بعد ازاں سکھبیر سنگیکشن کمیشن کا مؤقف یہ ہے کہ تحریری اعتراضات، مشاہدات اور مختلف آرا اس کے معمول کے داخلی غور و خوض کے عمل کا حصہ ہیں، اور کمیشن کے گزشتہ ایک سال کے فیصلے، بشمول ایس آئی آر نے ان کی گرفتاری اور فوجداری کارروائی کا مطالبہ کیا اور مغربی بنگال میں ایس آئی آرسے قبل کی فہرست رائے دہندگان کی بنیادھ سندھو نے بھی اس اعتراض سے اتفاق کیا۔ اخبار کے مطابق، سندھو نے بعد میں انتخابی پورٹل پر کی گئی تبدیلیوں کو غیر مجاز اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں حذف کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس کے برخلاف الیکشن کمیشن کا مؤقف یہ ہے کہ تحریری اعتراضات، مشاہدات اور مختلف آرا اس کے معمول کے داخلی غور و خوض کے عمل کا حصہ ہیں، اور کمیشن کے گزشتہ ایک سال کے فیصلے، بشمول ایس آئی آرسے متعلق فیصلے، متفقہ تھے۔ ان سے یہ نتیجہ اخذ نہیں کیا جا سکتا کہ کسی عدالت نے گیانیش کمار کو کسی فوجداری جرم کا مرتکب قرار دے۔ یہاں ایک بار پھر بنیادی فرق سامنے آتا ہے ایک طرف اندرونی عمل کے بارے میں رپورٹ شدہ اختلافات ہیں، دوسری طرف ادارے کی جانب سے حتمی فیصلوں کے متفقہ ہونے کا دعویٰ۔
تو پھر گیانیش کمار کے معاملے میں دفعہ ۱۶ کی حقیقت کیا ہے؟
اب ہم اصل سوال کی طرف واپس آتے ہیں۔ کیا گیانیش کمار کو گرفتار کیا جا سکتا ہے؟ دفعہ ۱۶ اس سوال کا سادہ ہاں یا نہیں میں جواب فراہم نہیں کرتی۔ قانون جس چیز کی صراحت کرتا ہے وہ اس سے زیادہ محدود اور مخصوص ہے۔ اگر کوئی شخص موجودہ یا سابق چیف الیکشن کمشنر یا الیکشن کمشنر ہے، تو اس کے خلاف ایسے فعل، کام یا بیان کے سلسلے میں دیوانی یا فوجداری کارروائی عدالت میں شروع یا جاری نہیں کی جا سکتی جو دفعہ ۱۶ کی شرائط پر پورا اترتا ہو اور جس کا تعلق سرکاری فرائض یا اختیارات کی انجام دہی، یا ان کی انجام دہی کے طور پر، کیے گئے اقدام سے ہو۔ لیکن یہ کہنا کہ قانون نے گرفتاری کو صراحتاً ممنوع قرار دیا ہے، دفعہ کے متن سے ثابت نہیں ہوتا۔ یہاں قانونی باریک بینی ناگزیر ہے۔ کسی خاص الزام یا واقعے پر دفعہ ۱۶ کا اطلاق ہوگا یا نہیں، اس کا انحصار کم از کم دو امور پر ہوگا۔ پہلا یہ کہ مبینہ فعل کی اصل نوعیت کیا تھی، اور دوسرا یہ کہ عدالت دفعہ ۱۶ میں موجود سرکاری فرائض یا اختیارات کی انجام دہی کے الفاظ کی کیا تشریح کرتی ہے۔ اس لیے الیکشن کمیشن کے اندر فیصلہ سازی پر جاری موجودہ تنازع اور دفعہ ۱۶ کے قانونی دائرہ کار کو ایک ہی مسئلہ سمجھنا درست نہیں ہوگا۔
ایک معاملہ یہ ہے کہ کمیشن کے اندر کیا اختلاف ہوا؟ دوسرا معاملہ یہ ہے کہ اگر کسی اقدام پر قانونی کارروائی کا سوال پیدا ہو تو دفعہ ۱۶ اس کارروائی کو کس حد تک روکتی ہے؟ دونوں سوالات باہم مربوط ضرور ہیں، لیکن قانونی طور پر یکساں نہیں۔ آئینی ہے، لیکن اس کی آئینی حیثیت اور دائرہ کار پر عدالتی بحث ابھی باقی ہے موجودہ قانونی منظرنامے میں دفعہ ۱۶ نافذ ہے، لیکن اس کی آئینی حیثیت اور دائرہ کار پر عدالتی بحث ابھی اختتام پذیر نہیں ہوئی۔ یہ دفعہ سرکاری فرائض کی انجام دہی سے پیدا ہونے والی مخصوص دیوانی اور فوجداری کارروائیوں کے خلاف قانونی تحفظ فراہم کرتی ہے۔ لیکن اس کے متن میں اس تحفظ کو واضح طور پر گرفتاری سے استثنیٰ قرار نہیں دیا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ گیانیش کمار کے معاملے میں گرفتاری کا سوال محض سیاسی مطالبے یا دفعہ ۱۶ کے عنوان سے حل نہیں کیا جا سکتا۔ اصل فیصلہ اس بات پر منحصر ہوگا کہ کسی مخصوص الزام کی قانونی نوعیت کیا ہے، وہ الزام کس فعل سے متعلق ہے، متعلقہ فعل سرکاری ذمہ داری کے دائرے میں آتا ہے یا نہیں، اور عدالت دفعہ ۱۶ کے الفاظ اور اس کے آئینی پس منظر کی کیا تعبیر کرتی ہے۔
دفعہ ۱۶ کی اصل آزمائش
گیانیش کمار کا معاملہ دراصل صرف ایک فرد کے گرد گھومتا ہوا تنازع نہیں۔ یہ ہندوستانی انتخابی ادارے کی خودمختاری، الیکشن کمشنروں کے قانونی تحفظ، پارلیمانی قانون سازی کے دائرہ اختیار، عدالتی نگرانی اور سرکاری اختیارات کے احتساب کے درمیان موجود نازک توازن کا بھی امتحان ہے۔ دفعہ ۱۶ ایک جانب انتخابی کمشنروں کو یہ قانونی تحفظ فراہم کرتی ہے کہ وہ اپنے سرکاری فرائض انجام دیتے ہوئے ہر ممکن دیوانی یا فوجداری مقدمے کے اندیشے کے زیر اثر نہ رہیں۔ دوسری جانب اس دفعہ کے الفاظ اتنے وسیع ہیں کہ ان کی آئینی اور قانونی حدود پر سوال اٹھنا ناگزیر ہو گیا ہے۔ لیکن موجودہ مرحلے پر سب سے اہم بات یہ ہے کہ دفعہ ۱۶ کو گرفتاری سے مکمل استثنیٰ سمجھنا اس کے متن سے ثابت نہیں ہوتا۔ اسی طرح یہ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا کہ موجودہ الزامات یا الیکشن کمیشن کے اندر رپورٹ شدہ اختلافات لازماً فوجداری جرم کے مترادف ہیں۔ فی الحال قانونی حقیقت یہی ہے کہ دفعہ ۱۶ نافذ العمل ہے وہ سرکاری فرائض کی انجام دہی سے متعلق مخصوص دیوانی اور فوجداری کارروائیوں کے خلاف تحفظ فراہم کرتی ہے، مگر گرفتاری یا پولیس تفتیش کے بارے میں صریح ممانعت بیان نہیں کرتی۔ بالآخر اس دفعہ کی اصل معنویت اس وقت پوری طرح واضح ہوگی جب عدالت کو کسی مخصوص معاملے میں یہ فیصلہ کرنا پڑے گا کہ کون سا فعل واقعی سرکاری فرائض کی انجام دہی کے دائرے میں آتا ہے، اور کون سا فعل اس قانونی حصار سے باہر ہے۔ اسی مقام پر گیانیش کمار کا معاملہ محض ایک سیاسی تنازع سے بڑھ کر قانون، ادارہ جاتی خودمختاری اور احتساب کے باہمی توازن کا ایک اہم عدالتی امتحان بن جاتا ہے۔