للن مشرا نے کلن سنگھ سے کہا یار میں تو یوگی بابا کو بڑا بہادر سمجھتا لیکن وہ بھی شاہ اور پردھان جی کی مانند بزدل نکلے ۔
یار مشرا جی تمہاری یوگی ٹھاکر سے دشمنی تو قابلِ فہم ہے مگر اب تو تم نے شاہ سمیت پردھان جی کو بھی لپیٹ لیا ۔ یہ بہت بری بات ہے۔
بھیا یہ بھلے برے کی بات نہیں سچائی ہے سچائی ۔ وہ دونوں مل کر معمولی کاکروچ کو نہیں کچل سکے ۔ اس کے باوجود تم انہیں شیر سمجھو تو تمہاری مرضی۔
دیکھو بھائی وہ تو ایسا ہوا کہ غلطی سے ہم لوگوں نے اپنے لوگوں پر ڈنڈے برسا دئیے اس لیے کفارہ اداکرنا پڑا ۔
اچھا ! اس کا مطلب تو یہ ہے کہ وہ غیروں کے ساتھ ساتھ اپنوں سے بھی ڈرتے ہیں۔
جی نہیں بھائی ہمارے شاہ اور پردھان جی ڈرنے والوں میں سے نہیں ہیں لیکن اپنوں کا خیال رکھنا پڑتا ہے۔
یار کچھ بھی بولتے ہو۔ وہ لوگ اگر بہادر ہوتے اس طرح ایوان پارلیمان کے مانسوسن اجلاس سے منہ چھپاتے نہ پھرتے۔ سینہ ٹھونک کر مقابلہ کرتے ۔
ارے بھیا کبھی کبھار آگے بڑھنے کے لیے ایک قدم پیچھے ہٹنا پڑتا ہے۔ میرے خیال میں وہ ایسی ہی ایک حکمتِ عملی تھی۔
چلو مان لیا مگر جب پپو یادو پارلیمانی احاطے میں چندہ چوری کا ناٹک کرکے ہمارا مذاق اڑا رہا تھا اس وقت ہمارے ارکان پارلیمان کی غیرت کہاں مرگئی تھی؟
یار سچ بتاوں ۔ وہ منظر دیکھ کر میرا خون بھی کھول گیا اور اپنا پرانا نعرہ یاد آگیا۔
تم کس پرانے نعرے کی بات کررہے ہو؟
وہی ’جس ہندو کا خون نہ کھولےخون نہیں وہ پانی ہے۔ جنم بھومی کے کام نہ آئے وہ بیکار جوانی ہے‘۔
ہاں بھیا رام جنم بھومی مندر کا مذاق اڑایا جائے اور دونوں ایوانوں ہمارے300 سے زائد ارکان خاموش تماشائی بنے رہے۔ میرا سر شرم سے جھک گیا۔
یار رام مندر کے معاملے میں پردھان جی کے علاوہ شاہ اور یوگی بابا بھی یکساں ہی ہیں ۔
بھیا گھوم پھر کر تم پھر سے وہی پہنچ گئے۔ آخر آج تم کو ہوکیاگیا ہے؟
یہ سمجھ لو کہ آج ’سینے میں میرے درد سوا ہوتا ہے‘۔
ارے بھائی سینے میں در ہے تو کسی اچھے ڈاکٹر کو دکھاو ؟ ہمارے یوگی بابا کے پیچھے پڑنے سے کیا وہ مرض ٹھیک ہوجائے گا؟
تم نہیں سمجھو گے کلن۔ اس درد کی دوا کسی حکیم یا ڈاکٹر کے پاس نہیں ہے۔ اچھا یہ بتاو کہ اترپردیش کا وزیر داخلہ کون ہے؟
یوگی بابا اور کون ؟ اتنا اہم شعبہ وہ کسی اور کے حوالے کرنے کا خطرہ کیسے مول لے سکتے ہیں ؟
یہی خطرہ اور ڈر سارے فساد کی جڑ ہے۔ اوپر سے نیچے تک ہرکوئی اقتدار کی محرومی کے خوف میں مبتلا ہوچکا ہے۔
یار للن تم بات کرتے کرتے اچانک پہیلیاں بجھوانے لگتے ہو۔ سیدھے بتاو نہ مسئلہ کیا ہے؟
اچھا یہ بتاو کہ اگر یوگی باباریاست کےوزیر داخلہ بھی ہیں تو یوپی کی پولیس ان سے کیوں نہیں ڈرتی ؟ میرا مطلب ہے ان کی بات کیوں نہیں مانتی؟
ارے بھائی انہیں کے اشارے پر تو بلڈوزر چلا کر انکاونٹر کرکے اس نے ملک بھر میں اپنا نام روشن کیا ہے اور تم کہہ رہے ہو کہ وہ ان کی بات نہیں مانتی ؟
بھیا میں رام مندر کے تناظر میں بات کررہا ہوں ۔ کیا تم جانتے ہو کہ اس معاملہ میں داخل کی جانے والی چارج شیٹ میں کیا انکشافات ہوئے ۔
نہیں بھیا اپنی رام دھُن واٹس ایپ یونیورسٹی میں تو اس بابت کچھ آیا ہی نہیں اس لیے ہمیں کیسے پتہ چلتا؟
ارے بھائی کبھی اس سے نکل کر اِدھر اُدھر تانک جھانک کرلیا کرو ۔ دیکھ لیا کرو کہ لوگ باگ ہمارے بارے میں کیا کچھ کہتے اور لکھتے ہیں ۔
دیکھو بھائی پہلے میں ایسا کرتا تھا مگر جب سے یہ جین زی آئی ہے یہ ایسی خراب زبان میں دلآزاری کرتی ہے کہ موڈ خراب ہوجاتا ہے۔
لیکن بھائی ہم لوگ تو پچھلےتیرہ سالوں سے دوسروں کی دلآزاری کررہے ہیں اور گالی گلوچ میں ہم سے آگے کون نکل سکتا ہے؟
دیکھو بھائی دوسروں کو دی جانے والی گالی جب لوٹ کر آتی ہے نا تو گولی سے کم نہیں ہوتی ۔ خیر چارج شیٹ میں یہ کیا انکشاف ہوا یہ بتاو۔
بھیا چارج شیٹ کے مطابق 4 جون کو 2.25 لاکھ روپے کی رقم باتھ روم میں ملنے کی ویڈیو چمپت رائے کو بھیجی گئی۔
یہ تو اچھی بات ہے ہمارے رام بھگت اتنے بیدار تھے کہ فوراً چوری پکڑ کر ویڈیو بنالی ۔ کوئی اور ہوتا تو چپ چاپ چرا کر گھر لے جاتا ۔
ارے بھائی گھر لے جاتے ہوئے پکڑے جانے کے ڈر سے کسی رام بھگت نے وہ رقم حمام میں پھینکی ہوگی ۔
اچھا تو آگےکیا ہوا؟
بھائی اگلےدن 5 جون کو چمپت رائے کو سی سی ٹی وی فوٹیج بھی دکھایا گیا۔ اس کے باوجود ایف آئی آر 25 جون کو درج ہوئی۔
ارے ہاں مگر ایف آئی آر تو ہوگئی نا؟
یہی تو سوال ہے کہ جب سی سی ٹی وی، برآمدگی اور مشتبہ ملازمین کی شناخت سامنے آ چکی تھی، تو مجرمانہ کارروائی میں 21 دنوں کی تاخیر کیوں ہوئی ؟
کلن بولا تو کیا تم یہ کہنا چاہتے ہو کہ ایسا کسی بچانےیا کچھ چھپانے کے لیے کیا گیا ؟ اگر ایسا ہی کرنا ہوتا تو فردِ جرم داخل ہی کیوں ہوتی؟
چارج شیٹ کے مطابق سی سی ٹی وی میں چڑھاوے کی رقم چرانے کے 105 واقعات سامنے آئے ہیں۔ ایک ملزم 85 بار رقم چوری کرتا نظر آیا۔
ارے ہاں تو اس کے خلاف کارروائی بھی ہوئی نا؟
جی ہاں لیکن ایس آئی ٹی کو سب کچھ پتہ چلنے کے 3 دن بعد بھی چمپت رائے نے چڑھاوا چوری ہونے سے انکارکیوں کیا؟
یارپرانی باتوں سے کیا حاصل ۔ اب جو ہوا سو ہوا۔
بھیا لوگ پوچھ رہے ہیں کہ آخر چمپت رائے، انل مشرا اور گوپال راؤ کو ملزم کیوں نہیں بنایا گیا، انہیں گواہ بنا کر بچایا کیوں جارہا ہے؟
ارے بھائی وہ لوگ ٹرسٹی ہیں ۔ ان کا کچھ تو خیال رکھنا پڑے گا؟
پھر وہی سوال کہ عوام کا بھروسہ ٹوٹنے کے باوجود وہ لوگ ٹرسٹ میں کیوں بنے ہوئے ہیں؟
ارے بھائی نیا سی ای او آگیا ہے جو سابق فوجی بھی ہے اب گڑے مردے اکھاڑنے سے کیا فائدہ ؟
تو کیا چوری کا معاملہ دفن کردیا جائے ؟ کیا چڑھاوا چوری کی حقیقت کے لیے انتظام کی نگرانی اور ذمہ داری پرفائز لوگوں کی جانچ ضروری نہیں ہے۔
ہے بھائی ہے مگر اب ایس آئی ٹی کے بعد مخالفین کا کیا اعتراض ہے؟
وہ پوچھتے ہیں 70 سے 105 واقعات سامنے آئے، ہزاروں ڈیجیٹل پیغامات کی جانچ ہوئی مگرپھر بھی جانچ کادائرے میں صرف 8 ملزمین ہی کیوں ہیں؟
ارے بھائی جو ملزم ہے انہیں کو سزا دیں گے نا کہ آپ کو اور ہم کو پکڑ کر لے جائیں گے۔
اس سے تو صاف نظر آرہا ہے کہ ایس آئی ٹی نے پورے سسٹم کی جوابدہی طے کرنے کے بجائے صرف چھوٹے مہروں کو نشانہ بنایا ہے۔
بھیا مجھے تو لگتا ہے یہ راون بھگت رام مندر کے بہانے ہمیں پریشان کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ آپ ان کو بھول جائیں۔
دیکھو بھائی ہمارے بھولنے سے کچھ نہیں ہوگا رام بھکتوں کا بھروسہ ختم ہوجائے تو ہم یوپی کا اگلا صوبائی انتخاب نہیں جیت پائیں گے؟
جی ہاں وہ تو مشکل ہے مگر اس کا کیا علاج ہے؟
بھیا اس کے لیے سپریم کورٹ کی نگرانی میں غیر جانبداری اور شفافیت کے ساتھ تفتیش ہونی چاہیے۔
پھر وہی سپریم کورٹ کہیں اس معاملے میں بھی جسٹس سوریہ کانت ہماری پیٹھ میں خنجر نہ گھونپ دیا تو کیا ہوگا ؟
جی ہاں یہ خطرہ تو ہےپھر تو ایک ہی علاج ہے کہ پردھان جی خاموشی توڑیں اور تنقید کریں ورنہ تو ا نہیں چوروں کا چوکیدار سمجھا جائے گا۔
یار وہ تو اب بھی سمجھا جارہا ہے مگر جب سے کاکروچ آئے ہیں پردھان جی کا ہر بیان مذاق بن جاتا ہے۔ چندہ چوری معاملے میں بھی یہی ہوگا۔
اچھا اگر خطرہ اتنا ہی سنگین ہے تو جھولا اٹھا کر چلتے بنیں ۔ آخر کب تک ۰۰۰۰۰۰کب تک ہمیں یونہی رسوائی جھیلنی پڑے گی۔
دیکھو بھائی تم پردھان جی کو اتنا برا بھلا مت کہو وہ کل کی لڑکی نیہا بورا نے تمہارے یوگی کا کیا حال کردیا یہ تو دیکھو ۔
وہ کیا کرے گی ؟ وہ تو کاکروچ بھی نہیں مچھر ہے ۔ یوگی جب چاہیں مسل کر پھینک دیں ۔
اس غلط فہمی کو دور کرنے کے لیے تمہیں گورکھپور میں اس کی تقریر یو ٹیوب پر سن لینی چاہیے۔
اچھا اس کی مجال کہ یوگی جی کے گھر میں گھس کر ان کی توہین کرے؟
جی ہاں اس نے انہیں ان پڑھ ، فسادی اور لمپٹ تک کہہ دیا۔
اچ ھا اور یوگی نے اس پر کوئی کارروائی نہیں کی ۔
ارے بھیا وہ بھیگی بلی بنے رہے تو اس کے حوصلے اور بھی بلند ہوگئے اور اس نے پریاگ میں آکر بھی خوب کھری کھوٹی سنائی۔
یار کیا بولتے ہو مجھے تو یقین نہیں آتا ۔ یہ اپنے یوگی کو اچانک کیا ہوگیا؟
بھائی ان کے ستارے گردش میں ہیں اس لیے کہ نیہا بورا نے لکھنو میں یوگی کی ناک کے نیچے کہا کہ ملک یوگی بابا کے نہیں ڈاکٹر بابا کے آئین پر چلے گا۔
یار تو اپنے ہندو راشٹر اور منو سمرتی کا کیا ہوگا؟
وہی ٹاٹا بابائی اور کیا۔ ہم تو الیکشن سے پہلے ہی ہار گئے۔